Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’کتا’ بننے کا شوق، جاپانی شخص نے ہزاروں ڈالر خرچ کر دیے

ٹوکو کا اپنا یوٹیوب چینل بھی ہے جس پر تقریباً41 ہزار سبسکرائبرز ہیں (فوٹو: سکرین گریب)
جانوروں سے محبت کرنے والے تو بہت سے لوگوں کو دیکھا گیا ہے، لیکن کیا کوئی شخص جانور کی محبت میں اس قدر آگے جا سکتا ہے کہ خود بھی اس جیسا بنا لے؟
ایسا ہی ٹوکو نامی جاپانی شخص نے کیا ہے اور اس نے کتا بننے کے لیے 22 ہزار ڈالر خرچ کر ڈالے ہیں۔
برطانوی اخبار ڈیلی میل کے مطابق ٹوکو نے 22 ہزار ڈالر خرچ کر کے ایک ایسا کاسٹیوم تیار کروایا ہے جسے دیکھ کر کوئی گھمان بھی نہیں کر سکتا کہ یہ اصل میں کوئی کتا ہے یا کسی انسان نے کاسٹیوم پہن رکھا ہے۔
ٹوکو کا اپنا یوٹیوب چینل بھی ہے جس پر تقریباً41 ہزار سبسکرائبرز ہیں۔ انہوں نے 11 روز قبل کاسٹیوم میں اپنی ویڈیو پوسٹ کی ہے جو وائرل ہو چکی ہے اور اسے اب تک 56 لاکھ افراد دیکھ چکے ہیں۔
ٹوکو نے ویڈیو کے نیچے دی گئی تفصیل میں لکھا کہ ’میں جانور بننا چاہتا تھا اور میں کتا بن گیا۔ یہ چینل آپ کے لیے ایک غیرمعمولی ویڈیو لایا ہے۔‘
انہوں نے مزید لکھا کہ ’یہ ویڈیو گذشتہ برس ریکارڈ کی گئی جب میں نے جرمن ٹی وی آر ٹی ایل کو انٹرویو دیا۔ شکر ہے کہ مجھے یہ ویڈیو استعمال کرنے کی اجازت مل گئی، لہذا میں اسے لوگوں کے لیے ریلیز کر رہا ہوں۔‘
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک خاتون انہیں سیر کے لیے پارک میں لے کر گئی ہیں جہاں وہ پارک میں موجود دوسرے کتوں کو سونگھتے اور زمین پر لوٹنیاں لیتے نظر آتے ہیں۔ کیمرے کے سامنے انہیں ہاتھ ہلاتے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔
کچھ چھوٹے کتے اپنے سائز سے بہت بڑے کتے کو دیکھ کر خوف محسوس کرتے نظر آتے ہیں۔

شیئر: