Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

گلف ایئر کا کراچی، لاہور اور اسلام آباد کے لیے فلائٹس میں اضافے کا اعلان

گلف ایئر 28 ممالک میں 59 مقامات کے لیے پروازیں چلاتی ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے کہا ہے کہ بحرین کی قومی ایئرلائن نے کراچی، لاہور اور اسلام آباد سمیت کئی شہروں میں اپنے فلائٹ آپریشنز میں اضافے کا اعلان کیا ہے۔
جمعے کو سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ رواں ہفتے اس فیصلے کا اعلان بحرین کے وزیر ٹرانسپورٹ اینڈ کمیونیکیشن محمد بن ثمر الکعبی نے اپنے پاکستانی ہم منصب خواجہ سعد رفیق سے ملاقات کے دوران کیا۔
’ملاقات کے دوران دونوں وزرا نے فیصلہ کیا کہ گلف ایئر اسلام آباد، کراچی اور لاہور میں اپنے فلائٹ آپریشنز میں اضافہ کرے گی۔‘
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’مستقبل میں کوئٹہ کے لیے گلف ایئر کے فلائٹ آپریشن کو شروع کرنے پر بھی بات چیت ہوئی۔‘
بیان کے مطابق وزرا نے دونوں ممالک کے درمیان ممکنہ چارٹرڈ پروازیں شروع کرنے کے امکان پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
’فریقین نے فضائی رابطوں کو فروغ دینے کے لیے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) اور گلف ایئر کے درمیان کوڈ شیئرنگ کے بارے میں بھی بات چیت کی۔‘
گلف ایئر کی ویب سائٹ کے مطابق ایئرلائن افریقہ، ایشیا اور یورپ کے 28 ممالک میں 59 مقامات کے لیے پروازیں چلاتی ہے۔
سنہ 2015 میں اس نے پاکستان کے صوبہ پنجاب کے شہروں ملتان اور فیصل آباد کے لیے فلائٹ آپریشن شروع کیا تھا۔

شیئر: