بیٹی کی قاتل کویتی ماں کو عمر قید کی سزا
جمعرات 10 اگست 2023 21:37
پولیس کو لاش کی اطلاع کویتی شہری نے دی تھی۔ (فوٹو القبس)
کویت میں سپریم کورٹ نے السالمیہ علاقے میں بیٹی کے قتل پر کویتی ماں کو عمر قید کی سزا سنا دی۔
کویتی جریدے القبس کے مطابق کویتی خاتون نے بیٹی کو باتھ روم میں بند کردیا تھا۔ اس نے بیٹی کے مرنے پر اس کی لاش کو باتھ روم ہی میں رکھا۔ لاش گل سڑ جانے پر گھر ہی میں دفنا دیا۔
اخباری رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ واردات کا انکشاف کئی سال بعد ہوا۔
عدالت نے الزام ثابت ہوجانے پر ماں کو سزائے عمر قید سنائی اور سزا میں تخفیف کی درخواست یہ کہہ کر مسترد کردی کہ جو سزا سنائی گئی ہے وہ قانون کے عین مطابق ہے۔
کویتی میڈیا میں مقتول لڑکی کو ’السالمیہ کی بیٹی‘ کے نام سے یاد کیا جارہا ہے۔ قتل کی رپورٹ منظر عام پر آنے پر پورے ملک میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی تھی۔
کویتی عدالتوں کی ویب سائٹ پر یہ اطلاع بھی دی گئی ہے کہ ماں پانچ برس تک اپنی بیٹی کی لاش حمام میں رکھے ہوئے تھی۔
پولیس کو لاش محفوظ رکھنے کی اطلاع کویتی شہری نے دی تھی۔
سوشل میڈیا صارفین سزائے عمر قید کے بجائے سزائے موت کا مطالبہ کررہے ہیں۔
کویت کی خبروں کے لیے ”اردو نیوزکویت“ گروپ جوائن کریں