مملکت کے سب سے بڑے باغ میں انگوروں کی 20 اقسام
علاقے کا پانی میٹھا اور یہاں کی ریتیلی زمین زرخیز ہے (فوٹو: العربیہ)
سعودی عرب میں القصیم کے کاشتکاروں ’حمادۃ الترمس‘ کے علاقے میں انگوروں کا سب سے بڑا باغ لگانے میں کامیابی حاصل کی ہے۔
العربیہ چینل کے مطابق حمادہ الترمس علاقہ سعودی دارالحکومت ریاض سے 460 کلو میٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔ اس باغ میں بیس سے زیادہ اقسام کے انگوروں کی پیداوار ہورہی ہے۔
باغ کے انچارج نے بتایا کہ ’حمادہ الترمس کا انتخاب سوچ سمجھ کر کیا گیا۔ اس علاقے کا پانی میٹھا ہے اور یہاں کی ریتیلی زمین زرخیز ہے‘۔
اس علاقے میں انگور بڑی مقدار میں پیدا ہورہے ہیں۔ 20 سے زیادہ قسم کے انگوروں کی کاشت کی گئی جو بے حد کامیاب ہے۔
العربیہ کے مطابق سعودی عرب میں تین ہزار ہیکٹر پر مشتمل انگوروں کے باغات سالانہ ایک لاکھ ٹن سے زیادہ پیداوار دے رہے ہیں۔
سعودی وزارت ماحولیات ، پانی وزراعت نےانگور کی کاشت کےلیے وزارت نے مختلف علاقوں میں 3746 ہیکٹراراضی مخصوص کی ہے جہاں انگوروں کی کاشت کامیابی سے جاری ہے۔
وزارت کا کہنا ہے کہ ’انگور ایسا پھل ہے جس کی کاشت کےلیے پانی کی زیادہ ضرورت نہیں ہوتی جبکہ مختلف ساخت کی مٹی کو بھی انگور کی بیل جلد قبول کرلیتی ہے‘۔
’مملکت کے مختلف علاقوں میں جدید سائنسی بنیادوں پرانگور کی کاشت جاری ہے جس میں مزید اضافہ کیاجائے گا‘۔
مملکت کے مختلف علاقوں میں موسمی حالات اور وہاں کی مٹی انگور کی کاشت کے لیے معاون ہے۔ جون سے ستمبر تک انگور کی کاشت کے لیے بہترین موسم مانا جاتا ہے۔
اس وقت مملکت کے مختلف علاقے جہاں انگور کی کاشت کی جا رہی ہے ان میں قصیم ، تبوک ، الجوف ، مدینہ منورہ ، مکہ مکرمہ ، الباحہ ، عیس ، ریاض ، حائل ، نجران اورحدود الشمالیہ شامل ہیں۔