Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وراٹ کوہلی کے لیے بابر اعظم دنیا کے بہترین بیٹر، ’دونوں کنگز کے لیے احترام‘

وراٹ کوہلی نے کہا کہ بابر اعظم کے رویے میں آج تک کوئی تبدیلی نہیں آئی۔ (فوٹو: اے ایف پی)
انڈین کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وراٹ کوہلی نے کہا ہے کہ پاکستان ٹیم کے کپتان بابر اعظم تمام فارمیٹ میں دنیا کے بہترین بیٹر ہیں۔
ای ایس پی این کرک انفو کے مطابق سٹار سپورٹس چینل سے بات کرتے ہوئے سابق انڈین کپتان وراٹ کوہلی نے بابر اعظم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ملاقات کے پہلے دن سے  بابر اعظم کی جانب سے عزت اور احترام دیکھا اور ان کے رویے میں آج تک کوئی تبدیلی نہیں آئی۔
وراٹ کوہلی کا کہنا تھا کہ بابر اعظم نے اپنی کارکردگی میں تسلسل برقرار رکھا ہے اور ہمیشہ ان کا میچ دیکھ کر مزہ آتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی کپتان کے ساتھ ان پہلا تعارف مانچسٹر میں 2019  کے ورلڈ کپ میں ہوا تھا اور عماد وسیم نے کہا تھا کہ ’بابر اعظم آپ کے ساتھ ملاقات کرنا چاہتے ہیں۔‘
وراٹ کوہلی کے مطابق وہ عماد وسیم کو انڈر 19 کے ورلڈ کپ سے جانتے ہیں۔
سٹار سپورٹس چینل نے ان کا گزشتہ سال کا یہ انٹریو دوبارہ اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر شیئر کیا ہے جس پر صارفین دلچسپ تبصرے کر رہے ہیں۔
ہسلر تیز نے لکھا کہ کنگ کوہلی کے لیے بہت زیادہ احترام۔ ’وہ ایک عظیم کھلاڑی کے ساتھ ایک عظیم انسان بھی ہیں اور ایک زبردست سپورٹس مین۔‘

فرید خان نامی صارف نے لکھا کہ ’شکریہ وراٹ، آپ بابر کی اہمیت کو جانتے ہیں۔‘

مزمل نے لکھا کہ ’دونوں کنگز کے لیے احترام‘

28 برس کے پاکستانی کپتان نے 104 ٹی 20، 100 ون ڈے اور 49 ٹیسٹ میچ کھیلے ہیں۔ وہ تینوں فارمیٹ میں سٹار ہیں۔
انہوں نے 30 سنچریوں سمیت 12 ہزار 346 رنز بنائے ہیں۔

شیئر: