Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی شہروں کے نئے انفرا سٹریکچر کے لیے چینی سرمایہ کاری پر تبادلہ خیال

سعودی وزیر بلدیات نے چینی بینکوں کے سربراہوں سے ملاقات کی ہے (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزیر بلدیات و دیہی و آباد کاری امور ماجد الحقیل نے منگل کو بیجنگ میں چینی  بینکوں کے متعدد سربراہوں سے ملاقاتیں کی ہیں۔
 سعودی شہروں میں بلدیاتی و آباد کاری کے شعبوں کے بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ 
سرکاری خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق ماجدالحقیل ان دنوں چین کے سرکاری دورے پر ہیں۔ 
ماجد الحقیل نے چین میں ایکسپورٹ امپورٹ بینک، چائنا ڈیولپمنٹ بینک اور چائنا کمرشل انڈسٹریل  بینک  کے سربراہوں کے ساتھ سعودی عرب کی آباد کاری سکیموں اور پروگراموں کا جائزہ لیا۔  فنڈنگ اور ری فنڈنگ کے پروگرام بھی زیر بحث آئے۔ 
سعودی وزیر بلدیات نے مملکت میں بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کے حوالے سے فنڈنگ اور مشترکہ تعاون کے مواقع  پر تبادلہ خیال کیا۔ 
انہوں نے کہا کہ ’سعودی چینی سرمایہ کاری کے نئے مواقع اور نئے افق کھل کر سامنے آئے ہیں‘۔
’سعودی عرب شہروں کے نئے بنیادی ڈھانچے کی تیاری میں چین کی سپیشلسٹ کمپنیوں اور بینکوں کے ساتھ شراکت بڑھانے اور سعودی چینی سرمایہ کاری کے نئے مواقع کا خواہش مند ہے‘۔ 
یاد رہے کہ سعودی وزیر بلدیات و دیہی امور نے گزشتہ دنوں آباد کاری کے بنیادی ڈھانچے اور فنڈنگ کے شعبے کی ماہر چینی کمپنیوں کے سربراہوں سے متعدد ملاقاتیں کی ہیں۔ 

شیئر: