Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بحران کے حل کے لیے سعودی عرب کا کردار اہم ہے، یوکرینی وزیرخارجہ

یوکرین کا 10 نکاتی امن فارمولا بحران کے حل کا راستہ ہے، فوٹو عرب نیوز
یوکرین کے وزیر خارجہ دیمیترو کولیبا کا کہنا ہے کہ دنیا امن سربراہی اجلاس کے قریب پہنچ رہی ہے لیکن روس کے ساتھ تنازعات کا خاتمہ صرف اسی صورت ممکن ہے جب یوکرین کے امن فارمولے پر عمل کیا جائے۔
عرب نیوز کے ساتھ زوم کے ذریعے خصوصی انٹرویو میں دیمیترو کولیبا نے کہا کہ عالمی سربراہی اجلاس کے لیے مخصوص مقامات یا تاریخوں پر بات کرنا قبل ازوقت ہے لیکن امن فارمولے پر بات چیت صحیح سمت میں جا رہی ہے۔

جدہ میں 42 ممالک کے اعلیٰ حکام میں دو روزہ اہم اجلاس ہوا ہے۔ فوٹو عرب نیوز

سعودی عرب کے شہر جدہ میں 42 ممالک کے اعلیٰ حکام نے 5 اور 6 اگست کو اہم اجلاس کیا ہے جس میں روس کے ساتھ جنگ ​​کے خاتمے کے لیے اہم اصولوں کا مسودہ تیار کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔
وزیر خارجہ  نے کہا ہے کہ جدہ میں ہونے والے اہم اجلاس کے بعد یہ نتیجہ اخذ کیا جا سکتا ہے کہ ہم یقینی طور پر جنگ کے خاتمے کی سمت اچھی رفتار سے بڑھ رہے ہیں اور ایسا ہونے والا ہے۔
ہم یوکرین کی طرف سے تجویز کردہ اس سربراہی اجلاس کے انعقاد میں سعودی عرب اور شامل دیگر ممالک کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔

روس یوکرین امن فارمولے پر بات چیت صحیح سمت میں جا رہی ہے۔ فوٹو عرب نیوز

انہوں نے کہا کہ یوکرین کا امن فارمولا تنازعات کو حل کرنے کا ایک جامع طریقہ ہےاور اس فارمولے میں شامل تمام امور پر عمل درآمد شروع ہو جائے گا۔
اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قانون کی بنیاد پر آگے بڑھنے کا یہی واحد راستہ ہے۔
یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے کہا ہے کہ وہ پرامید ہیں کہ سفارتی اقدام ان اصولوں کی توثیق کے لیے عالمی رہنماؤں کی امن سربراہی کانفرنس کا باعث بنے گا۔  

 غیر جانبدار ثالث کے طور پر کام کرنے کی مملکت کی خواہش برقرار ہے۔ فوٹو اے پی

بحران کے تصفیہ کے لیے یوکرین کے 10 نکاتی فارمولے میں جوہری تحفظ، خوراک اور توانائی کی حفاظت، قیدیوں کی رہائی، علاقے کی بحالی، دشمنی کا خاتمہ، جنگی جرائم کے لیے جوابدہی، ماحولیاتی تحفظ، مستقبل میں ہونے والی جارحیت کی روک تھام اور جنگ کے خاتمے کی تصدیق شامل ہیں۔
واضح رہے کہ جدہ اجلاس بغیر کسی حتمی پریس کانفرنس کے اختتام پذیر ہوا  لیکن سعودی عرب نے روس اور یوکرین کے درمیان غیر جانبدار ثالث کے طور پر کام کرنے کی اپنی خواہش کو برقرار رکھا ہے۔

مملکت تمام معاملات میں تعمیری اور اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ فوٹو اے پی

یوکرینی وزیر خارجہ نے کہا کہ موجودہ بحران حل کرنے کی کوششوں، ستمبر 2022 میں قیدیوں کے تبادلے سے لے کر رواں سال مئی میں جدہ میں عرب لیگ سے زیلنسکی کے خطاب تک ہم سعودی عرب کے نمایاں کردار کو سراہتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا ہمیں یقین ہے کہ یوکرین کے خلاف روسی جارحیت کے خاتمے سے متعلق تمام معاملات میں سعودی عرب بہت تعمیری اور اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
 

شیئر: