Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایلون مسک کی صحافیوں کو ایکس پر لکھنے کے لیے ’زیادہ آمدنی‘ کی پیشکش

جولائی میں ایلون مسک نے ٹوئٹر کا لوگو تبدیل کر دیا تھا۔ (فوٹو: اے ایف پی)
ایکس (سابقہ ٹوئٹر) کے سربراہ ایلون مسک نے صحافیوں کو اپنے پلیٹ فارم پر لکھنے اور زیادہ آمدنی کی پیشکش کی ہے۔
منگل کو ایلون مسک نے ٹویٹ کیا کہ ’اگر آپ صحافی ہیں اور لکھنے کی آزادی اور زیادہ آمدنی چاہتے ہیں تو براہ راست اس پلیٹ فارم پر شائع کریں۔‘
اس سے قبل ایلون مسک نے ایکس پر میڈیا پبلشرز کو اجازت دی تھی کہ وہ اپنے مضامین اور تحریروں کے لیے صارفین سے رقم وصول کر سکتے ہیں
انہوں نے کہا تھا کہ صارفین’فی مضمون کی بنیاد پر‘ ادائیگی کریں گے اور اگر وہ ماہانہ رکنیت کے لیے ’سائن اپ‘ نہیں کرتے تو انہیں مزید ادائیگی کرنا پڑے گی۔
جولائی میں ایکس نے کہا تھا کہ اس کے صارفین اب اپنی پوسٹس سے پیسے کما سکتے ہیں۔
کمپنی کے مطابق ویڈیوز بنانے والوں کو اشتہارات سے ہونے والی کمائی میں حصہ دیا جائے گا۔
کمپنی نے اعلان کیا تھا کہ ویڈیوز بنانے والوں کو اُن اشتہارات کی کمائی میں حصہ ملے گا جو پوسٹ کے ریپلائز میں ظاہر ہو رہے ہوتے ہیں۔
تاہم صرف تصدیق شدہ اکاؤنٹس اس کے اہل ہوں گے اور جن کی پوسٹس گزشتہ تین ماہ میں 50 لاکھ مرتبہ دیکھی جا چکی ہوں۔
ایلون مسک ٹوئٹر پر آمدن بڑھانے کے لیے تبدیلیاں متعارف کروا رہے ہیں۔
رواں برس کے مارچ میں ایلون مسک نے کہا تھا کہ ٹوئٹر کی مالیت 50 فیصد سے کم ہو کر 20 ارب ڈالرز تک پہنچ گئی۔

شیئر: