عالمی ریسلنگ باڈی نے انڈین فیڈریشن کی رکنیت معطل کر دی
عالمی ریسلنگ باڈی نے انڈین فیڈریشن کی رکنیت معطل کر دی
جمعہ 25 اگست 2023 14:03
انڈین فیڈریشن کے صدر کو جنسی ہراسانی کے الزامات کا سامنا ہے۔ فوٹو: اے ایف پی
ریسلنگ کے عالمی ادارے یونائیٹڈ ورلڈ ریسلنگ فیڈریشن نے بروقت انتخابات نہ کروانے پر انڈین فیڈریشن کی رکنیت معطل کر دی ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا (ڈبلیو ایف آئی) کے سربراہ پر جنسی ہراسانی کے الزامات کے بعد بروقت انتخابات نہ کروانے کے نتیجے میں رکنیت معطل کر دی گئی ہے۔
خیال رہے کہ انڈیا کی خواتین ریسلرز نے ڈبلیو ایف آئی کے صدر برج بھوشن سنگھ پر سنگین الزامات لگائے تھے اور استعفے کا مطالبہ کرتے ہوئے دارالحکومت دہلی میں کئی مرتبہ احتجاج کر چکی ہیں۔
ڈبلیو ایف آئی کے 66 سالہ صدر، حکومتی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) سے تعلق رکھتے ہیں اور پارلیمان کے رکن بھی ہیں۔
ڈبلیو ایف آئی کی قیادت پر سنگین الزامات کے بعد رواں ماہ کے آغاز میں نئے انتخابات ہونا تھے تاہم آخری وقت پر غیرمعینہ مدت کے لیے ملتوی کر دیے گئے۔
یونائیٹڈ ورلڈ ریسلنگ نے جاری بیان میں کہا ہے کہ ’منتخب شدہ صدر اور بورڈ کی عدم موجودگی یو ڈبلیو ڈبلیو کی رکنیت کے لیے قوائد اور شرائط کے بر خلاف ہے۔‘
انڈین ریسلر کو آئندہ ماہ ہونے والے ایشین مقابلوں میں حصہ لینے کی اجازت ہوگی تاہم وہ انڈیا کے پرچم تلے شرکت نہیں کریں گے۔
کامن ویلتھ گیمز میں گولڈ میڈل جیتنے والی ریسلر انیتا شیرین نے بھوشن سنگھ کی جگہ اعلیٰ عہدے کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔
عالمی چیمپیئن شپ، کامن ویلتھ گیمز اور ایشین گیمز میں ریسلنگ کے تمغے جیتنے والی ونیش پھوگاٹ نے جنوری میں دعویٰ کیا تھا کہ ڈبلیو ایف آئی کے صدر کے کہنے پر کئی کوچز نے خواتین ریسلرز کا استحصال کیا ہے۔
انڈیا کی سپریم کورٹ نے بھی تسلیم کیا تھا کہ اس کیس میں ’جنسی ہراسانی کے سنگین الزامات‘ ہیں تاہم وزیراعظم نریندر مودی سمیت حکمراں جماعت کے رہنماؤں نے اس معاملے پر خاموشی اختیار کی۔
جنوری میں جب احتجاج شروع ہوا تو انڈین وزیر کھیل انوراگ سنگھ ٹھاکر نے فیڈریشن کے صدر سے کہا تھا کہ وہ ’ایک طرف ہو جائیں اور تحقیقات میں مدد کریں۔‘
برج بھوشن سنگھ کے خلاف ہونے والے احتجاج اور دھرنوں میں انڈیا کے ٹاپ ریسلرز شرکت کرتے رہے ہیں بلکہ اولمپکس اور کامن ویلتھ گیمز میں گولڈ میڈل جیتنے والے ریسلرز سمیت دیگر نے بھی مقابلوں کا بائیکاٹ کرنے کا اعلان کیا تھا۔