شہر میں کئی جدید سہولیات کا بھی آغاز کیا جا رہا ہے مگر اجلاس کے لیے لائی گئی لگژری کاروں پر ہر ایک کی نظر پڑ رہی ہے۔
اجلاس میں 20 رُکن ملکوں کے وفود کے علاوہ بلائے گئے مہمان شرکت کریں گے۔
دہلی شہر میں نجی ٹرانسپورٹ کرائے پر دینے والی کمپنیوں اور ٹیکسی سروس چلانے والے نئی کاروں کے ساتھ مہمانوں کا استقبال کرنے کے لیے پُرجوش دکھائی دیتے ہیں۔
نجی کمپنیوں کو توقع ہے کہ جی20 اجلاس کے موقع پر اُن کے کاروبار میں اضافہ ہو گا۔
دہلی شہر میں نجی کاروں کو کرائے پر دینے کے کاروبار سے وابستہ اقبال سنگھ نے بتایا کہ اجلاس سے پہلے وہ نئی کاریں خرید رہے ہیں اور فوری ڈیلیوری ممکن بنانے کے لیے کوشاں ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ لگژری کاروں کی طلب اتنی زیادہ ہے کہ دہلی کے آپریٹرز اسے پورا نہیں کر پا رہے ہیں۔ ’ہم نے سات آٹھ کاریں خریدی ہیں۔ دہلی میں تقریباً 30 سے 35 ای ایس کلاس کاریں خریدی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ ممبئی، راجستھان، پنجاب اور چندی گڑھ سے بھی کاریں لائی جا رہی ہیں۔‘
اقبال سنگھ نے بتایا کہ اُن کی منگوائی لگژری کاروں کے بیڑے میں مرسیڈیز کی جدید ترین مے بیخ بھی شامل ہے جو کورونا کی وبا کے بعد سے شہر میں منگوائی جانے والی بہترین کار ہے۔
’اسے جی20 سربراہی اجلاس کے لیے بُک کیا گیا ہے، لیکن یہ معلوم نہیں کہ اسے کس ہائی پروفائل شخصیت کی سواری کے لیے مختص کیا جائے گا۔ ہمیں اس کی ڈیلیوری اکتوبر نومبر تک ہونا تھی۔ لیکن حکومت نے مدد کی اور مرسیڈیز کمپنی نے بھی صورت حال کو سمجھا، اور ہم نے اسے اس کی طے شدہ ترسیل کے وقت سے پہلے حاصل کر لیا۔‘
دریں اثنا شہر کے میونسپل ادارے کو بھی ستمبر کے بڑے ایونٹ سے پہلے بیوٹیفیکیشن کا کام سونپا گیا ہے۔ اس میں سڑکوں پر ڈیزائنر فوارے، مجسمے اور گملوں کی تنصیب شامل ہے۔
اس کے علاوہ فٹ پاتھوں کی تزئین و آرائش اور دیواروں کو پینٹ کیا جا رہا ہے۔ جنپتھ اور سنسد مارگ سمیت اہم سڑکوں پر فوارے لگائے گئے ہیں۔