جوازات کے ٹوئٹر پر ایک شخص نے دریافت کیا ‘ بیرون مملکت خروج وعودہ پرگیا ہوں، کام کی وجہ سے فوری واپسی مشکل ہے، معلوم کرنا چاہتا ہوں کہ آن لائن سسٹم ہونے کے بعد کیا یہ ممکن ہے کہ میں مملکت سے باہر رہتے ہوئے کفالت تبدیل کرالوں کیونکہ کمپنی کے بارے میں معلوم ہوا ہے کہ وہ مستقل بنیادوں پر بند کی جارہی ہے۔ کمپنی کی کمرشل رجسٹریشن ‘سی آر’ بھی چند ماہ بعد معطل ہوجائے گی۔‘؟
سوال کے جواب میں جوازات کا کہنا تھا کہ ’اقامہ ہولڈر کارکن کی اسپانسر شپ تبدیلی کے لیے لازمی ہے کہ کارکن مملکت میں ہی موجود ہو‘۔
بیرون مملکت رہتے ہوئے صرف اقامہ کی تجدید اورخروج وعودہ کی مدت میں توسیع کرانے کی سہولت فراہم کی گئی ہے جبکہ کفالت کی تبدیلی کے لیے کارکن کا مملکت میں موجود ہونا ضروری ہے۔
واضح رہے کفالت یعنی اسپانسرشپ کی تبدیلی کے وقت ملازمت کا معاہدہ کیا جاتا ہے جبکہ حقوق و واجبات کی ادائیگی کے حوالے سے بھی اہم معاملات ہوتے ہیں جس کے لیے یہ ممکن نہیں ہوتا کہ کارکن بیرون ملک ہو اورکفالت تبدیلی کی درخواست دی جاسکے۔
گھریلو کارکن کے نئے پاسپورٹ کے حوالے سے ایک شخص نے دریافت کیا ‘ فیملی ڈرائیور اورخادمہ کے نئے پاسپورٹ کی انٹری جوازات کے سسٹم میں کرانی ہے۔ کیا اسپانسر کے ابشر اکاونٹ سے کی جاسکتی ہے یا یہ سہولت صرف کمرشل کارکنوں کے لیے ہی ہے؟‘۔
سوال کے جواب میں جوازات کا کہنا تھا کہ ’ابشر پلیٹ فارم پراس کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ گھریلو کارکن کے نئے پاسپورٹ اور پرانے پاسپورٹ اوراقامے اسکین کرکے ان کی ایک ہی پی ڈی ایف فائل بنائی جائے‘۔
’پی ڈی ایف فائل کو ابشر پرموجود تواصل سروس کے ذریعے اپ لوڈ کی جائے۔ اسکین شدہ فائل کا سائز 3 ایم بی کی ہونی چاہیے‘۔
خیال رہے دستاویزات کو جدا جدا اپ لوڈ کرنے سے درخواست مسترد ہوجاتی ہے۔ پی ڈی ایف کی ایک ہی فائل میں تینوں دستاویزات منسلک کی جائیں۔
تواصل پردرخواست اپ لوڈ کرنے کے ساتھ ہی موبائل پرمیسج موصول ہوجاتا ہے جس میں درخواست کی وصولی ظاہرکی گئی ہوتی ہے۔ اگردرخواست درست طورپراپ لوڈ کی گئی ہوتی ہے تو 3 سے 5 ورکنگ ڈیز میں کام ہوجاتا ہے۔
درخواست مسترد ہونے کی صورت میں بھی ابشر پراعتراض پیش کردیا جاتا ہے۔ اعتراض ہونے کی صورت میں درخواست گزار کو چاہئے کہ وہ اپنے قریبی جوازات کے دفتر سے وقت حاصل کرے۔
ابشر پرآنے والے اعتراض کو پرنٹ کرے اور جوازات کے دفتر میں کارکن کے نئے اور پرانے پاسپورٹ کے ساتھ رجوع کیاجائے جہاں مقررہ فارم کے ساتھ جوازات کے اہلکار کومعاملہ پیش کیاجائے