Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

غیر ملکی اپنے اٹھارہ سال کے بچوں کا اقامہ کیسے جدا کرائیں؟

بچوں کے اقامے کو جدا کرنے کےعمل کوعربی میں ’فصل تابع‘ کہا جاتا ہے (فوٹو: سبق)
سعودی محکمہ پاسپورٹ اینڈ امیگریشن جو وزارت داخلہ کا ذیلی ادارہ ہے قوانین کے مطابق  مملکت میں مقیم غیر ملکیوں کے اقامے، خروج وعودہ اور خروج نہائی کے اجرا کا ذمہ دار ہے۔
مملکت میں رہائش پذیرغیرملکی افراد جب مستقل بنیاد پر اپنے ملک جاتے ہیں تو انہیں فائنل ایگزٹ جسے عربی میں خروج نہائی کہا جاتا ہے حاصل کرنا ضروری ہوتا ہے جبکہ چھٹی پر جانے کے لیے خروج و عودہ لینا ہوتا ہے۔
 جوازات کے ٹوئٹرپرایک شخص نے دریافت کیا ’بیٹی کی عمر 18 برس ہوگئی اس کا اقامہ جدا کرانا ہے، فیس کیا ہوگی۔؟‘ 
سوال کا جواب دیتے ہوئے جوازات کا کہنا تھا کہ ’غیرملکیوں کے بچے جب تک 18 برس سے کم ہوتے ہیں ان کا اقامہ والد کے ساتھ ہوتا ہے جب وہ 18 برس کے ہوجائیں تو لازمی ہے کہ ان کا اقامہ جدا کیا جائے‘۔ 
بچوں کے اقامے کو جدا کرنے کے عمل کوعربی میں ’فصل تابع‘ کہا جاتا ہے یعنی ڈیپینڈنٹ کو اقامہ سے جدا کرنا۔ فصل تابع کی فیس 500 ریال ہی ہے۔ اگراقامہ کی تجدید میں تاخیر ہوتو اس صورت 500 ریال تاخیر کا جرمانہ عائد کیاجاتا ہے۔ 
 جوازات کی جانب سے ابشرپورٹل پر’فصل تابع‘ کی سہولت فراہم کی ہے جس کے لیے جوازات کے دفترجانے یا کسی ایجنٹ کی خدمات حاصل کرنے کی ضرورت نہیں ہوتی۔ 
فصل تابع یعنی بچوں کا اقامہ جدا کرنے کے لیے ابشرپورٹل پر’تواصل‘ سروس کے ذریعے کی جاسکتی ہے۔ فصل تابع کی کارروائی کرتے وقت اقامہ کی فیس ادا نہیں کرنا ہوتی۔ 
تواصل سروس کے ذریعے معاملہ اپ لوڈ کرتے وقت اس امر کا خیال رکھاجائے کہ تواصل سروس پرموجود مختلف خدمات میں سے ’فصل تابع‘ کا انتخاب کیا جائے۔ 
ابشر پورٹل پرمتعلقہ فارم بھی موجود ہوتا ہے جسے عربی میں نام، اقامہ نمبر ، تاریخ وجائے پیدائش ، والد کا نام، اقامہ نمبر اور دیگر معلومات درج کی جاتی ہیں۔ 
 فارم کو ڈاون لوڈ کریں اوربچے کے پاسپورٹ، اقامہ اوروالد کے اقامے کی ایک ہی پی ڈی ایف فائل بنائیں اوراسے تواصل پراپ لوڈ کردیں۔ 
خیال رہے جس وقت تواصل پر دستاویز کی اسکین کاپی اپ لوڈ کی جائے وہ ایک ہی فائل میں ہوں، اسکین کاپیز کو جدا، جدا اپ لوڈ نہ کیاجائے۔ 

فیملی فیس فی فرد 400 ریال ماہانہ کی بنیاد پر وصول کی جاتی ہے (فوٹو: ایس پی اے)

اسکین کاپی کو الگ الگ فائل میں اپ لوڈ کرنے سے درخواست مکمل نہیں ہوگی کیونکہ اس میں ایک ہی فائل کا آپشن ہوتا ہے جس سے دوسری فائل اپ لوڈ کرنے سے پہلے والی منسوخ ہوجاتی ہے۔ 
 فائل درست طورپراپ لوڈ ہونے کے بعد تین دن کے اندر اندر درخواست پرعمل ہوجاتا ہے۔ 
فصل تابع کی کارروائی مکمل ہونے کے بعد سربراہ خانہ کے اقامہ کی تجدید کے وقت جس بچے کا اقامہ جدا کرایا گیا ہے اس کی سالانہ فیس 500 ریال ادا کرنا ہوتی ہے۔  
جوازات کے ٹوئٹرپرخروج نہائی کے حوالے سے ایک شخص نے دریافت کیا ’ کیا خروج نہائی کی فیس ہے کیونکہ ابشر پورٹل سے جب فیملی کا فائنل ایگزٹ لگانے کے لیے کوشش کی تو کامیابی نہیں ہوئی وہاں سے ’ناکافی فیس ‘ کا میسج آیا ہے؟‘۔ 
سوال کے جواب میں جوازات کا کہنا تھا کہ ’فائنل ایگزٹ کی کوئی فیس نہیں ہوتی تاہم خروج نہائی کے لیے اس امر کا خیال رکھاجائے کہ اقامہ کی مدت میں کم از کم دوماہ باقی ہوں‘۔ 
فیملی فیس کی مد میں عائد فیس ادا کرنا ضروری ہوتی ہے جس کے بعد ہی خروج نہائی لگایا جاسکتا ہے۔ خروج نہائی لگانے کے بعد 60 دن کی مہلت ہوتی ہے اس دوران مملکت سے سفرکرنا ضروری ہوتا ہے بصورت دیگرایک ہزار ریال جرمانہ عائد کیاجاتاہے۔ 
واضح رہے اس سال فیملی فیس کی مد میں فی فرد 400 ریال ماہانہ کی بنیاد پروصول کی جاتی ہے۔ اقامہ کی تجدید کے لیے کم از کم مدت 3 ماہ ہے۔ 

شیئر: