ریاض کے نیشنل میوزیم میں عالمی ہجرہ نمائش کا افتتاح
ریاض کے نیشنل میوزیم میں عالمی ہجرہ نمائش کا افتتاح
منگل 29 اگست 2023 0:01
ہجرت کے واقعے کی شروعات سے اختتام تک تمام امور اجاگر ہوں گے (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی نائب وزیر ثقافت حامد بن فایز نے ’ہجرت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے نقش قدم پر‘ کے عنوان سے نمائش کا افتتاح کیا ہے۔
اخبار 24 کے مطابق نمائش کا اہتمام سعودی دارالحکومت ریاض کے قومی عجائب گھر میں کنگ عبدالعزیز سینٹر فار ورلڈ کلچر( اثرا) کے اشتراک سے کیا گیا ہے۔
سعودی عرب سیرت طیبہ صلی اللہ علیہ وسلم سے متعلق تمام امور فقید المثال انداز میں پیش کررہا ہے۔ انہی میں رسول اللہ علیہ وسلم کے نقش قدم پر ہجرت کا تاریخ ساز واقعہ بھی ہے۔
ہجرہ نمائش پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم کے مکہ سے مدینہ تک کے سفر پر روشنی ڈالتی ہے۔ ہجرت کے اس واقعہ کو جدید انداز میں منفرد طریقے سے پیش کیا جارہا ہے۔
نمائش میں جزیرہ عرب کا ورثہ اجاگر کیا جارہا ہے جبکہ تاریخ اور انسانی تمدن میں اس کی اہمیت کو نمایاں کیا جارہا ہے۔
نائب وزیرحامد بن فایز نے وزیر ثقافت شہزادہ بدر بن فرحان کی نمائندگی کرتے ہوئے نمائش کا افتتاح کیا۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ’ نمائش میں سعودی عرب کی تاریخ اور اس کے مقامات کی منفرد قدروقیمت نمایاں ہورہی ہے‘۔
ان کا کہنا تھا کہ ’وزارت ثقافت سعودی عرب کے ثقافتی نظام کے استحکام میں بھرپور کردار ادا کررہی ہے‘۔
کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل کلچرل سینٹر (اثرا) کے ڈائریکٹر انجینیئر عبداللہ الراشد نے کہا ’ ہجرۃ مبارکہ کی اہمیت کو اجاگر کرنے میں نمائش کا کردار اہم ہے‘۔
یہ نمائش 14 مقامات پر دکھائی جائے گی۔ اس دوران پوری دنیا کو تاریخ ساز ہجرت سے متعارف کرایا جائے گا۔
کارروان نبوت مکہ مکرمہ سے 622 عیسوی کے دوران مدینہ منورہ کے لیے روانہ ہوا تھا۔
نمائش کے دوران ہجرت کے واقعے کی شروعات سے اختتام تک کے تمام امور اجاگر ہوں گے۔