بنوں میں سکیورٹی فورسز پر خودکش حملہ، 9 اہلکار ہلاک
جمعرات 31 اگست 2023 20:51
زخمیوں کو فوری طور پر سی ایم ایچ بنوں منتقل کر دیا گیا (فائل فوٹو: اے ایف پی)
خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں ایک مبینہ خودکش بمبار نے سکیورٹی فورسز کی گاڑیوں کو نشانہ بنایا جس میں نو اہلکار ہلاک ہوگئے ہیں۔
آئی ایس پی آر کا ایک بیان میں کہنا تھا کہ ’جانی خیل بنوں میں ایک موٹرسائیکل سوار نے فوجی قافلے میں اپنے آپ کو اڑا دیا جس کے نتیجے میں نو فوجی بشمول نائب صوبیدار صنوبر علی شہید ہوگئے۔‘
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ جمعرات کو ہونے والے اس خودکش حملے میں پانچ فوجی زخمی بھی ہوئے ہیں۔
اسی حوالے سے پولیس حکام نے بتایا کہ ’جانی خیل کی حدود میں خودکش حملہ آور نے موٹرسایئکل سکیورٹی فورسز کے قافلے سے ٹکرا دی۔‘
پولیس کا مزید کہنا ہے کہ ’خودکش حملے میں زخمی ہونے والے فوجیوں کو فوری طور پر سی ایم ایچ بنوں منتقل کر دیا گیا۔‘
دھماکے کے بعد سکیورٹی فورسز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کا محاصرہ کرکے سرچ آپریشن شروع کردیا۔
دریں اثنا نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے بنوں میں دہشت گردی کی کارروائی میں 9 سپاہیوں کی موت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
جمعرات کو اپنی ٹویٹ میں نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ ’ایسی حرکتیں انتہائی قابل مذمت ہیں۔‘
انوارالحق کاکڑ کا مزید کہنا تھا کہ ’ان کی ہمدردیاں شہیدوں اور زخمیوں کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔ پاکستان ایسی دہشت گردی کے خلاف پرعزم ہے۔‘