Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایران کے لیے سعودی عرب کے نئے سفیر تہران پہنچ گئے

سعودی عرب اور ایران نے مارچ میں سفارتی تعلقات بحال کرنے پر اتفاق کیا تھا (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کے ایران کے لیے نئے سفیر عبداللہ بن سعود العنزی اپنے فرائض منصبی سنبھالنے تہران پہنچ گئے ہیں۔ 
سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق سعودی سفیر نے منگل کو تہران پہنچنے پر کہا کہ ’سعودی قیادت کی ہدایات میں ایران کے ساتھ  ملاقاتیں اور رابطے تیز کرنے اور تعلقات مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا گیا ہے۔‘
’سعودی قیادت چاہتی ہے کہ دونوں پڑوسی ملکوں کے تعلقات عروج کی نئی منزلوں تک پہنچیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’دونوں ملک خطے میں امن و استحکام ، ترقی و خوشحالی کے فروغ میں معاون قدرتی اور اقتصادی وسائل  کے مالک ہیں۔‘
سعودی سفیر عبداللہ بن سعود العنزی نے کہا کہ ’ایران اور سعودی عرب  دونوں ملکوں کے برادر عوام کے مشترکہ مفادات کی تکمیل کی اہلیت رکھتے ہیں۔‘ 
ان کا کہنا تھا کہ ’ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا جاری کردہ سعودی وژن 2030 ہر طرح کے تعاون پر عمل درآمد کا روڈ میپ ہے۔ اس کی بنیاد پر دونوں ملک واضح حکمت عملی کے تحت تعاون بڑھا سکتے ہیں۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’حسن ہمسائیگی، افہام و تفہیم، بامقصد تعمیری مکالمے اور احترام باہمی کی حکمت عملی فریقین کے تعلقات کی جڑیں مضبوط بنائے گی اور دونوں برادر ملکوں کے درمیان اعتماد کو مستحکم کرے گی۔‘ 
یاد رہے کہ سعودی عرب اور ایران نے مارچ میں برسوں کی کشیدگی کے بعد سفارتی تعلقات بحال کرنے اور اپنے سفارتخانے دوبارہ کھولنے پر اتفاق کیا تھا۔

شیئر: