ترکیہ کا سعودی عرب ایران سفارتی تعلقات کا خیرمقدم: ایرانی وزیر خارجہ
اتوار کو ترکیہ اور ایران کے وزراء خارجہ نے تہران میں مشترکہ پریس کانفرس کی (فوٹو: اے ایف پی)
ترکیہ نے سعودی عرب اور ایران کے درمیان سفارتی روابط کی بحالی کا خیر مقدم کیا ہے۔
عرب نیوز کہ مطابق ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے اتوار کو بتائی ہے۔
سعودی عرب اور ایران نے رواں برس مارچ میں دوبارہ اپنے سفارتی تعلقات قائم کرنے اور آئندہ برسوں میں دونوں ممالک میں اپنے اپنے سفارت خانے کھولنے پر اتفاق کیا تھا۔
ایران کے دارالحکومت تہران میں ترکیہ کے وزیر خارجہ کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ وہ سعودی عرب اور ترکیہ کے ساتھ معیشت سے متعلق سہ فریقی اجلاس کی تیاری کر رہے ہیں۔
ترکیہ کے وزیر خارجہ خاقان فیدان ایران کے دورے پر ہیں۔ وزیر خارجہ کا منصب سنبھالنے کے بعد خاقان فیدان کا یہ پہلا دورۂ ایران ہے۔
سنیچر کو ترکیہ کی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ ’یہ دورہ ایران کے ساتھ تمام شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو بڑھانے سے متعلق بات چیت کا ایک اہم موقع فراہم کر رہا ہے۔‘