برمنگھم ..آئی سی سی چیمپیئز ٹرافی سے قبل برمنگھم میں وارم اپ میچ میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو 2 وکٹوں سے شکست دے دی۔پاکستان نے 342 رنز کا ہدف 50 ویں اوور کی تیسری گیند کر حاصل کر لیا۔نوجوان پاکستانی کھلاڑی فہیم اشرف اور حسن علی نے نویں وکٹ کی شراکت میں 93 رنز بنائے اور پاکستان کو فتح سے ہمکنار کیا۔فہیم اشرف نے 30 گیندوں پر 64 رنز بنائے جبکہ حسن علی 15 گیندوں پر 27 رنز بنائے اور آوٹ نہیں ہوئے۔ پاکستانی اننگز کا آغاز اچھا نہ تھا 19 رنزپر اس کی 2 وکٹیں گر چکی تھیں۔ اظہر علی8 اور بابر اعظم ایک رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔محمد حفیظ 49 اور احمد شہزاد نے 46 رنز بنائے جبکہ کپتان سرفراز احمد صرف ایک رن بنا سکے۔شعیب ملک نے 6 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 72 رنز کی اننگز کھیلی۔عماد وسیم نے 45 رنز بنائے۔ شاداب خان 7 رنز بنا کر رن آوٹ ہوئے۔اس سے قبل بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ۔ مقررہ 50 اوورز میں9 وکٹوں کے نقصان پر 341 رنز بنائے۔ سومایا سرکار جنید خان کی گیند پر 19 رنز بنا کر آوٹ ہوگئے۔ تمیم اقبال اور امرالقیس نے 142 رنز کی شراکت قائم کی۔تمیم اقبال نے9 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 102 رنز بنائے۔ امرالقیس نے8 چوکوں کی مدد سے 61 رنز کی اننگز کھیلی۔ مشفیق الرحیم 46، شکیب الحسن 23، محمود اللہ 29، مصدق حسین 26 اور مہدی حسن 13 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ جنید خان سب سے کامیاب لیکن مہنگے بولر رہے۔ انہوں نے 9 اوورز میں 74 رنز د ئیے۔ حسن علی اور شاداب خان نے2، 2وکٹیں حاصل کیں۔وہاب ریاض نے 9 اوورز میں 68 رنز د ئیے اور کوئی وکٹ حاصل نہ کر سکے۔