Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ولی عہد کے دورے کا اختتام، سعودی عرب اور انڈیا کا مشترکہ اعلامیہ جاری

متعدد شعبوں میں ہونے والے معاہدوں پر اطمینان کا اظہار کیا گیا ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے سرکاری دورہ انڈیا کے اختتام پر سعودی عرب اور انڈیا نے پیر کو مشترکہ اعلامیہ جاری کیا ہے۔
اعلامیے میں شہزادہ محمد بن سلمان کے حالیہ دورے کے موقع پر مفاہمتی یادداشتوں، تعاون کے پروگرام اور معاہدوں پر دستخط کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا گیا کہ ’اس سے توانائی، سرمایہ کاری، الیکٹرانک اور ڈیجیٹل صنعت کے شعبوں، سمندر کے کھارے پانی کو استعمال کے قابل بنانے اور بدعنوانی کو روکنے میں مدد ملے گی‘۔  
 دونوں ملکوں کے عوام کے تاریخی، دوستانہ تعلقات کا جائزہ لیتے ہوئے کہا گیا کہ ’دونوں ملکوں کے تعلقات اعتماد، باہمی، افہام و تفہیم، خیر سگالی ، تعاون، ایک دوسرے کے مفادات کے احترام پر مبنی ہیں‘۔ 
  ’یہ تعلقات متعددد شعبوں خصوصا سیاست، تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، دفاع، امن و سلامتی اور ثقافت کے شعبوں میں وسیع اور گہرے ہوئے ہیں‘۔
اعلامیے میں دونوں ملکوں کے درمیان تجارت کے حجم میں اضافے کو سراہتے ہوئے کیا گیا کہ ’دوطرفہ تجارت میں تنوع پیدا کرنے کے لیے مشترکہ کوشیشیں جاری رکھی جائیں گی اور پیش آنے والی کسی بھی رکاوٹ کو دور کیا جائے گا‘۔
’ دونوں ملکوں کے پرائیویٹ سیکٹر کے نمائندے رابطے بڑھائیں گے۔ سرمایہ کاری اور تجارتی پروگرام کرکے نئے امکانات تلاش کیے جائیں گے اور ان امکانات کو شراکت میں تبدیل کیا جائے  گا‘۔ 
دونوں ملکوں نے بین الاقوامی معیشت کو درپیش اہم چیلنجوں سے مل کر نمٹنے کا بھی عزم ظاہر کیا ہے۔
 اس عزم کا بھی اظہار کیا گیا کہ’ توانائی کے شعبے میں تعاون کو سٹراٹیجک شراکت کے اہم ستون کے طور پر لیا جائے گا‘۔ بین الاقوامی تیل کی منڈیوں میں استحکام ، تیل پیدا کرنے اور خریدنے والے ممالک کے درمیان تعاون اور مکالمے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔  
مشترکہ اعلامیے میں عالمی منڈیوں میں انرجی سپلائی کے ذرائع کی سیکیورٹی کو یقینی بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ 

انڈیا میں آئل ریفائنری کا منصوبہ تیزی سے مکمل کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے (فوٹو: ایس پی اے)

سعودی عرب نے انڈیا کو خام  تیل کی سپلائی کا قابل اعتماد پارٹنر اور ایکسپورٹر بنے رہنے کےعزم کا اعادہ کیا۔ 
 دونوں ملکوں کے درمیان بجلی کے شعبوں میں تعاون کے فروغ، ہائیڈروجن اوراس سے نکلنے والی اشیا کے سلسلے میں تعاون کا بھی عزم ظاہر کیا گیا۔ 
 دونوں ملکوں میں پٹرول کو پٹروکیمیکل میں تبدیل کرنے کےلیے نئے مشترکہ منصوبے تیار کرنے پر بھی اتفاق رائے سامنے آیا۔
انڈیا کے مغربی ساحل کی آئل ریفائنری کا منصوبہ تیزی سے مکمل کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا ہے۔
انڈیا نے امید ظاہر کی کہ ’سعودی عرب کے ترقیاتی منصوبوں میں انڈیا کی کمپنیوں، پروفیشنل ورکرز اور لیبر کو بڑے پیمانے پر شامل کیا جائے گا‘۔ 
سعودی عرب نے انڈین وژن 2047 کی تعریف کی۔ 
اعلامیے کے مطابق فریقین نے طے کیا کہ’ سعودی عرب میں مقیم  انڈین شہریوں کےلیے روپیہ کارڈ سمیت ادائیگی کے سسٹمز میں  تعاون کے مواقع تلاش کیے جائیں گے خصوصا حج و عمرہ زائرین کو ادائیگی کے سلسلے میں سہولتوں کے علاوہ  مالیاتی ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعاون کے لیے مذاکرات جاری رکھے جائیں گے‘۔ 
اعلامیے میں انڈیا اور جی سی سی ممالک کے درمیان آزاد تجارت کے معاہدے کے لیے مذاکرات جلد شروع کیے جانے کی سپورٹ کی گئی۔ 
سعودی عرب اور انڈیا  کے پرائیویٹ سیکٹر زراعت کے شعبوں اور خوراک کی صنعتوں میں بڑے مشترکہ منصوبے شروع کریں گے۔ 
دونوں ملکوں نے دفاع کے شعبے میں تعاون جاری رکھنے، مشترکہ فوجی مشقوں سمیت  دفاعی تعاون کے بڑھتے ہوئے معیار پر اطمینان کا اظہار کیا۔
  2021 اور 2023 میں مشترکہ بحری مشقوں پر اطمینان ظاہر کیا اور جون 2022 کے دوران نئی دہلی میں منعقدہ دفاعی تعاون کی مشترکہ کمیٹی کے پانچویں اجلاس  کے  نتاائج کا خیر مقدم کیا گیا۔ 
اعلامیے میں کہا گیا کہ ’فریقین نے دہشت گردی کو کسی بھی نسل یا مذہب یا ثقافت سے جوڑنے کی کوششوں کو مسترد کیا ہے‘۔
’کسی بھی ملک کے خلاف دہشتگردی کے استعمال کو مسترد کرنے پر زور دیا گیا۔
دونوں ملک سیاحت کے شعبے میں ایک دوسرے سے بھرپور تعاون کریں گے۔ 
 افغانستان میں امن و استحکام اور افغان عوام کے تمام طبقوں کی نمائندہ حکومت کی تشکیل کو انتہائی اہم قرار دیا۔ افغانستان کو دہشتگرد و انتہا پسند تنظیموں کے لیے پناہ گاہ کے طور پر استمعال کرنے کی اجازت نہ دینے پر زور دیا۔ 
بیان میں افغان عوام کے لیے امدادی سامان کی فراہمی میں آسانیاں فراہم کرنے پر بھی زور دیا گیا۔ 
مشترکہ اعلامیے میں  سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے  دورہ انڈیا اور انڈین وزیراعظم نریندر مودی کے  دورہ سعودی عرب کے خوشگوار نتائج پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔
فریقین  نے تسلیم کیا  کہ دونوں رہنماؤں کے دوروں سے دونوں ملکوں کے درمیان تمام شعبوں میں تعاون کا دائرہ وسیع ہوا ہے۔ 
انڈین حکومت نے اس سال کامیاب حج پر مبارکباد ی۔ زائرین کی خدمت اور انہیں سہولتیں فراہم پر سعودی عرب کی ستائش کی اور کہا کہ’ مملکت میں مقیم 2.4 ملین انڈین شہریوں کا خیال رکھنے پر سعودی عرب کے شکر گزار ہیں‘۔
انڈیا نے سوڈان میں پھنسے انڈین  شہریوں کے انخلا میں سعودی عرب کی طرف سے فراہم کی جانے والی مدد کی بھی تعریف کی۔

شیئر: