امریکہ سعودی ہیلتھ کیئر کے شعبے میں سرمایہ کاری کا خواہاں
امریکی کمپنیوں کے نمائندے 10 ستمبر سے مملکت کا دورہ کررہے ہیں ( فوٹو: عرب نیوز)
سعودی عرب میں اس وقت 15 امریکی ہیلتھ کیئر کمپنیاں موجود ہیں جو مقامی کمپنیوں اور آپریٹرز کے ساتھ زیادہ سے زیادہ تعلقات استوار کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔
ریاض میں امریکی سفارت خانے کے ایک بیان کے مطابق ان کمپنیوں کے نمائندے 10 ستمبر سے ریاض، ظہران اور جدہ سمیت 100 سے زیادہ سعودی خریداروں، شراکت داروں اور سرکاری اداروں سے ملنے کے لیے متعدد ریجنز کا سفر کر رہے ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق امریکی سفارت خانے کے بیان میں مزید کہا گیا کہ ’ اس کا مقصد سعودی عرب کی ہیلتھ کیئر کی بڑھتی ہوئی مارکیٹ کے لیے خدمات اور ٹیکنالوجی فراہم کرنا ہے جو کہ جی سی سی ممالک کے سالانہ ہیلتھ کیئر کے اخراجات کا 60 فیصد ہے‘۔
سعودی عرب میں امریکی سفیر مائیکل رتنی نے ایک بیان میں کہا کہ ’ امریکی ہیلتھ کیئر کمپنیوں کے لیے وژن 2030 کو آگے بڑھانے کے لیے سعودی عرب کے سرکاری اور نجی شعبے کے ساتھ شراکت کا ایک زبردست موقع ہے‘۔
امریکی کمپنیاں ڈیجیٹل ہیلتھ، طبی آلات،کینسر کی تشخیص اورعلاج، ہسپتال کے آپریشن اور انتظام سمیت مختلف شعبوں میں کام کرتی ہیں۔
ریاض میں یو ایس کمرشل سروس کے ساتھ قائم مقام سینئیر افسر کارلا مینینڈیز نے کہا کہ ’ ہماری کمپنیاں وژن 2030 کو آگے بڑھانے کے لیے اچھی پوزیشن میں ہیں۔ سعودی عرب کا ملک کے ہیلتھ کیئر انفراسٹرکچر کو ترقی دینے کے لیے 65 بلین ڈالر سے زیادہ کی سرمایہ کاری کرنے کا منصوبہ ہے‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’ ہم نئی باہمی شراکت داری کے بارے میں پرجوش ہیں جو دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی ترقی کو فروغ دیتے ہوئے سعودی شہریوں کی فلاح و بہبود میں معاون ہیں‘۔
سعودی ہیلتھ کیئر کے کاروبار جو امریکی سپلائرز میں دلچسپی رکھتے ہیں وہ سعودی عرب میں امریکی کمرشل سروس ٹیم سے https://www.trade.gov/buyusa-saudi-arabia. پر رابطہ کر سکتے ہیں۔