سعودی کسانوں کا بندروں سے فصلوں کے تحفظ کا منفرد اقدام
سعودی کسانوں کا بندروں سے فصلوں کے تحفظ کا منفرد اقدام
بدھ 13 ستمبر 2023 15:43
سعودی عرب میں اکثر کاشتکار اپنے کھیتوں کو جانوروں بالخصوص آوارہ بندروں کی حرکتوں سے محفوظ رکھنے کے لیے تیزی سے بجلی کے تار کی باڑ کے انتظامات کر رہے ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق سعودی عرب کے کسانوں نے نیوزی لینڈ کے ان علاقوں کا دورہ کیا جہاں زرعی زمینوں اور مویشیوں کے باڑوں کی حفاظت میں برقی باڑ کی تنصیب کا اہتمام کیا گیا ہے۔
تیسرے کنگ عبدالعزیز کیمل فیسٹیول میں شمسی توانائی سے چلنے والی برقی باڑ کے استعمال کے کامیاب تجربے کے بعد کھیتوں میں تیار فصلوں کو بچانے کے لیے اس ٹیکنالوجی کو وسعت دی گئی ہے۔
سعودی عرب میں 400 سے زیادہ علاقوں میں کھیتوں کے گرد برقی باڑ لگائی گئی ہے جو ان علاقوں میں موجود آوارہ جانوروں کو کھیتوں میں داخل ہونے سے روکنے کے لیے بجلی کے جھٹکے کا استعمال کرتی ہے۔
مختلف علاقوں کے کسانوں نے برقی باڑ لگانے کے بعد سے زرعی پیداوار کی حفاظت اور پالتو جانوروں کے احاطوں کو مکمل طور پر تحفظ ملنے کی اطلاع دی ہے۔
مختلف علاقوں میں ہرن اور دیگر مویشیوں کی پرورش کے مقامات اور زرعی فصلوں کے تحفظ کے ساتھ ساتھ سیاحتی علاقوں میں آنے والوں کو آوارہ بندروں سے محفوظ رکھنے کو یقینی بنانے کے لیے اس ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جا رہا ہے۔
برقی باڑ بین الاقوامی معیارات اور حفاظتی ضوابط کے عین مطابق لگائی جارہی ہے جو کہ مقامی کسانوں کے لیے اس آفت سے چھٹکارہ حاصل کرنے کا موثر حل ثابت ہوئی ہے۔
برقی باڑ بنانے میں مہارت رکھنے والے عربین ٹیلنٹ کمپنی کے ذمہ دار نایف العجمی نے کئی ہفتے قبل طائف کے علاقے الشفاء میں پیش آنے والے افسوس ناک واقعے کا حوالہ دیا، جس میں چند بندر ایک بچے کو اٹھا کر لے گئے تھے۔
نایف العجمی کا کہنا ہے کہ اگر ان علاقوں میں جہاں اکثر سیاح آتے ہیں آوارہ بندروں سے محفوظ رہنے کے لیے برقی باڑ کی رکاوٹ موجود ہوتی تو وہاں یہ سانحہ پیش نہ آتا۔
طائف کے علاقے الشفاء کے ایک کسان محمد السفیانی نے حال ہی میں اپنے کھیتوں کے گرد حفاظتی برقی باڑ لگائی ہے انہوں نے بتایا کہ علاقے میں موجود آوارہ بندر ہمارے لیے درد سر ہیں کیونکہ یہ بندر جھنڈ کی شکل میں حملہ آور ہوتے ہیں، فصلوں کو تباہ کرتے ہیں اور علاقے کے کسانوں کے روزمرہ کاموں میں رکاوٹ ڈالتے ہیں۔
مقامی کسان نے مزید بتایا کہ برقی باڑ لگانے سے کھیت محفوظ ہو گئے ہیں جس کے نتیجے میں زرعی پیداوار اور یہاں موجود دیگر پالتو مویشیوں کی افزائش میں اضافہ ممکن ہے۔
سعودی عرب کی مزید خبروں کے لیے واٹس ایپ گروپ جوائن کریں