Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب آئندہ سال عالمی یوم ماحولیات کی میزبانی کرے گا

عالمی ماحولیاتی پروگرام کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر اور کینیا میں سعودی سفیر نے ملاقات کی ہے( فوٹو: ایس پی اے)
اقوام متحدہ کے ماحولیاتی پروگرام نے کہا ہے کہ سعودی عرب 2024 میں عالمی یوم ماحولیات کی میزبانی کرے گا۔
یہ اعلان 12 ستمبر کو نیروبی میں اقوام متحدہ کے ماحولیاتی پروگرام کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر انگر اینڈرسن اور کینیا میں سعودی سفیر خالد بن عبداللہ آل سلمان کے درمیان ہونے والی ملاقات کے دوران سامنے آیا ہے۔
سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق عالمی یوم ماحولیات ہر سال 5 جون کو منایا جاتا ہے۔ گزشتہ پانچ دہائیوں میں یہ دن ماحولیاتی آگاہی کے لیے سب سے بڑے عالمی پلیٹ فارم میں سے ایک بن گیا ہے۔
سعودی عرب کی وزارت ماحولیات، پانی اور زراعت نے ایک بیان میں کہا کہ ’اقوام متحدہ کا حالیہ اعلان کرۂ ارض کے تحفظ اور ماحولیاتی بیداری بڑھانے میں مملکت کے کردار کا منہ بولتا ثبوت ہے‘۔
عالمی یوم ماحولیات 2024 زمین کی بحالی، صحرائی اور خشک سالی سے بچنے پر توجہ مرکوز کرے گا۔
اقوام متحدہ کے ماحولیاتی پروگرام کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر انگر اینڈرسن نے کہا کہ ’ ہم عالمی یوم ماحولیات 2024 کے میزبان کے طور پر زمین کی بحالی اور خشک سالی سے بچنے کے لیے عالمی کوششوں میں ایک مضبوط شراکت کی حیثیت سے سعودی عرب کا خیر مقدم کرتے ہیں‘۔
وزارت کے مطابق سعودی عرب ایسی پالیسیوں اور اقدامات میں فوری عالمی سرمایہ کاری کی ضرورت کو اجاگر کرے گا جو پائیدار مستقبل کے لیے فطرت کی حفاظت اور بحالی کریں۔
سعودی عرب نے مقامی اورعالمی سطح پر ماحولیات کے تحفظ کے لیے کوششیں کی ہیں۔ اس نے قومی ماحولیات کی حکمت عملی اور نئے ماحولیاتی قانون کو اپنایا اور وہ سعودی اور مشرق وسطی کے گرین انیشیٹوز کو آگے بڑھا رہا ہے۔
مملکت نے نیشنل انوائرنمنٹ ویک کا بھی آغاز کیا۔ مالی استحکام کو محفوظ بنانے کے لیے ایک ماحولیاتی فنڈ قائم کیا جس کا مقصد پائیداری کو فروغ دینا اور ماحولیات کا تحفظ کرنا ہے۔
ماحولیات کا عالمی دن دنیا بھر میں ماحولیات کے بارے میں آگاہی اور عمل کی حوصلہ افزائی کرنے کے لیے اقوام متحدہ کا اہم اقدام ہے۔
علاوہ ازیں سعودی وزارت کا کہنا ہے کہ ماحولیات کے عالمی دن کی میزبانی  کا اعزاز اقوام متحدہ  ماحولیاتی تحفظ سے متعلق سعودی عرب کے اقدامات کا اعتراف ہے۔ 
  سعودی عرب ماحولیات کے عالمی دن کے میزبان ملک کی حیثیت سے متعدد امور کی اہمیت نمایاں کرے گا۔  پائیدار مستقبل کی خاطر ماحولیاتی امور میں پیدا  ہونے والی خرابی کی اصلاح، ماحولیاتی تحفظ کے لیے اقدامات و پالیسیوں پر عمل درآمد کے سلسلے میں عالمی کردار کی اہمیت اجاگر کی جائے گی۔
 ماحولیات کے عالمی دن کا مقصد دنیا بھر کو یہ یاد دلانا ہے کہ ماحولیاتی تحفظ کے لیے مشترکہ جدوجہد ناگزیر ہے۔  ان  کوششوں کا بھی تذکرہ کیا جائے گا جو سعودی عرب ماحولیاتی تحفظ کے حوالے سے کررہا ہے۔ 
1973 سے ہر سال منعقد ہونے والا یہ دن پائیدار ترقی کے اہداف کے ماحولیاتی جہتوں میں پیشرفت کو فروغ دینے کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم بھی بن گیا ہے۔

شیئر: