کلاؤڈ سیڈنگ اورماحولیاتی مطالعے کے لیے ریسرچ منصوبہ
جمعرات 7 ستمبر 2023 18:12
موسمی صورتحال اوربادلوں کی تشکیل میں آبی عناصر کی جانچ بھی کی جائے گی(فوٹو، ٹوئٹر)
سعودی عرب میں مصنوعی بارش ریجنل پروگرام جاری کردیا ہے۔ منصوبے کے تحت موسم اور آب و ہوا کے مطالعات کے لیے پہلا ریسرچ طیارہ مشن پر روانہ کیا گیا۔
موسمیات کے قومی مرکز کی جانب سے جاری پریس ریلز کے مطابق ریسرچ طیارہ جدید ترین ٹیکنالوجی اور فضائی ماحول کی جانچ میں مہارت رکھنے والے حساس نظام سے آراستہ ہے۔ یہ مختلف بلندیوں سے آب و ہوا میں ہونے والی تبدیلیوں کا ڈیٹا جمع کرے گا۔
ریسرچ طیارے کا مقصد مصنوعی بارش کے لیے سازگار ماحول کا پتہ لگانا اور بارش کا دائرہ وسیع کرنے کے لیے درکار معلومات حاصل کرنا ہے۔
ریجنل پروگرام کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ایمن بار نے کہا کہ ریسرچ طیارے نے اپنی پہلی پرواز رابغ سے شروع کی ہے یہ باحہ اور عسیر ریجنوں میں معلومات جمع کرے گا۔ درجہ حرارت ، ہوا کی رفتار کے حوالے سے اعدادوشمار حاصل کیے جائیں گے۔
علاوہ ازیں بادل کی تشکیل میں شامل آبی عناصر کی جانچ بھی کی جائے گی۔ ان کے ذریعے اسکالرز کو درکار وہ معلومات حاصل کی جائیں گی جو مصنوعی بارش سے قبل اور اس کے بعد درکار ہوتی ہیں۔
ایمن بار نے توجہ دلائی کہ طیارے سے جمع ہونے والا ریسرچ ڈیٹا علاقے میں بادلوں کی خصوصیات کو سمجھنے اور وہاں کے بادلوں سے مصنوعی بارش کا مثالی طریقہ سمجھنے میں مدد گار ثابت ہوگا۔