مملکت اور عرب ملکوں میں مردوں کا فخر ’الجنبیہ‘ کیا ہے؟
مملکت اور عرب ملکوں میں مردوں کا فخر ’الجنبیہ‘ کیا ہے؟
جمعرات 14 ستمبر 2023 5:15
یمن میں خنجر رکھ کر چلنا فخر اور شان کی بات مانا جاتا ہے۔ (فوٹو اخبار 24)
سعودی عرب، یمن اور خلیج کے عرب ملکوں میں ’الجنبیہ‘ مردوں کا زیور اور قومی فخر مانا جاتا ہے۔ خلیجی ممالک میں یہ مختلف ناموں سے جانا پہچانا جاتا ہے۔
اخبار 24 کے مطابق ’الجنبیہ‘ (خنجر) کا رواج سینکڑوں برس سے چلا آ رہا ہے۔ پرانے خنجر کم قیمت ہونے کے باوجود آج انمول بن گئے ہیں۔
خنجر سازی روایتی دستی مصنوعات میں سے ایک ہے۔ ہزاروں لوگ عصر حاضر میں بھی خنجر رکھنا خاندانی فخر سمجھتے ہیں۔
شادی بیاہ سمیت مختلف سماجی تقریبات میں خنجر سے آراستہ ہوکر نکلنا مردانہ شان سمجھا جاتا ہے۔ اسے عام طو پر بیلٹ کے دائیں جانب خاص انداز میں لگا کر چلتے ہیں۔ خنجر مختلف شکل و صورت کے ہوتے ہیں ان میں سادہ بھی ہوتے ہیں اور منقش بھی۔
آباؤ اجداد سے ورثے میں ملنے والا خنجر انمول اثاثہ ہوتا ہے۔ (فوٹو اخبار 24)
سعودی شہری محمد الشمری کا کہنا ہے کہ ’ہر خنجر کی دو قیمتیں ہوتی ہیں ایک تو اس کی مادی قیمت ہوتی ہے اور دوسرے اس کی معنوی حیثیت ہوتی ہے‘۔
الشمری کا کہنا ہے کہ ’خنجر قیمتی پتھروں، چاندی، الماس اور عقیق سے آراستہ ہوتا ہے تو اس کی قیمت مختلف ہوتی ہے جبکہ خاص کاریگر اور شخصیت سے نسبت کی صورت میں اس کی قدروقیمت بڑھ جاتی ہے‘۔
محمد الشمری نے بتایا کہ ’آباؤ اجداد سے ورثے میں ملنے والے خنجر خاندان کا انمول اثاثہ بن جاتے ہیں‘۔
سعید الغامدی کا کہنا ہے کہ ’خنجر ایسی سماجی روایت کا حصہ ہے جو سعودی عرب اور پڑوسی ممالک میں یکساں رائج ہے۔ خصوصا یمن میں خنجر رکھنا اور اس سے مسلح ہوکر چلنا بڑے فخر اور شان کی بات مانی جاتی ہے‘۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کیخبروں کے لیے”اردو نیوز“گروپ جوائن کریں