پاکستان کے زیرانتظام کشمیر کے علاقے برار کوٹ میں ایک تیندوا سٹرک پر اتر آیا جس کے بعد محکمہ جنگلی حیات کی ٹیم وہاں پہنچی ہے۔
یہ واقعہ جمعے کی صبح پیش آیا جب مظفرآباد کو صوبہ خیبرپختونخوا سے ملانے والی شاہراہ پر برارکوٹ میں مسافروں اور مقامی افراد نے یہ تیندوا دیکھا۔
مزید پڑھیں
-
پاکستان کے زیرانتظام کشمیر میں شہریوں نے ایک اور تیندوا مار ڈالاNode ID: 642716
عینی شاہدین کا دعویٰ تھا کہ تیندوا زخمی تھا اور گِھسٹ گِھسٹ کر چل رہا ہے۔ ایک ویڈیو میں اس کے دھاڑنے کی آوازیں بھی سنائی دے رہی تھیں۔
اس کے بعد وہاں ٹریفک کچھ دیر کے لیے رک گئی اور ہجوم جمع ہو گیا۔
وہاں موجود شہریوں نے کشمیر کے محکمہ وائلڈ لائف کے ڈائریکٹر عبدالشکور کو فون کے ذریعے اطلاع دی تو انہوں نے تیندوے کو ریسکیو کرنے کے لیے ٹیم بھیج دی۔
’تیندوے کا بچہ شاک میں تھا‘
اردو نیوز کے رابطہ کرنے پر ڈائریکٹر وائلڈ لائف عبد الشکور نے اس واقعے کی تصدیق کی اور بتایا کہ ’ہماری معلومات کے مطابق یہ تیندوا زخمی نہیں تھا۔ شاک میں تھا لیکن جب ہماری ٹیمیں وہاں پہنچیں اور لوگوں کو اس مقام سے ہٹایا تو وہ اپنے قدرتی مسکن کی طرف چلا گیا۔‘
ڈائریکٹر وائلڈ لائف نے مزید بتایا کہ ’دراصل یہ تیندوا زیادہ عمر کا نہیں تھا، اچانک بہت سارے لوگوں کو جمع دیکھ کر یہ شاک میں آ گیا تھا۔ یہ لوگ وہاں سے ہٹے تو یہ قریبی جھاڑیوں میں چلا گیا۔‘
’اگر زخمی ہوا تو واپس آبادی کے قریب آئے گا‘
عبدالشکور نے بتایا کہ ’ہم نے اس علاقے میں محکمہ جنگلی حیات کے چار اہلکار ایک ہفتے کے لیے تعینات کر دیے ہیں جو اس پر نگاہ رکھیں گے کہ آیا وہ تیندوا اپنے قدرتی مسکن میں معمول کی زندگی گزارنے لگا ہے یا نہیں۔‘
’اگر یہ زخمی ہوا یا اس کے ساتھ کوئی مسئلہ ہوا تو یہ جنگل میں خوراک حاصل نہیں کر پائے گا۔ پھر یہ آبادی کے قریب آئے گا۔ اس صورت میں اسے محکمے کے اہلکار ریسکیو کر لیں گے۔‘
پاکستان کے زیرانتظام کشمیر کے مختلف علاقوں میں تیندوے پائے جاتے ہیں اور ان کے انسانی آبادیوں کے قریب آنے کے واقعات بھی پیش آتے رہتے ہیں۔
تیندوے کئی بار آبادی کے قریب دیکھے گئے
رواں برس چھ اپریل کو کشمیر کے ضلع حویلی کے ایک گاؤں میں تیندوے کے تین نوزائیدہ بچے دیکھے گئے تھے جو بعد میں پراسرار طور پر غائب ہو گئے تھے۔
اس سے قبل آٹھ فروری کو پاکستان کے زیرِانتظام کشمیر کے ضلع ہٹیاں بالا میں آبادی میں گھس آنے والے تیندوے کو شہریوں نے ہلاک کر دیا تھا۔
