سری لنکا سے ہارنے کے بعد بیٹا فون پر بات نہیں کر پا رہا تھا: والد بابر اعظم
سری لنکا کے خلاف میچ میں پاکستانی فیلڈرز اور بولرز نے ناقص کھیل پیش کیا جس کے بعد ٹیم ایونٹ سے باہر ہوگئی (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کے والد نے انکشاف کیا ہے کہ سری لنکا کے خلاف میچ میں شکست کے بعد انہوں ںے بابر اعظم سے فون پر بات کرنے کی کوشش کی لیکن وہ (بابر اعظم) بات نہیں کر پا رہے تھے۔
بابر اعظم کے والد اعظم صدیقی نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرںگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ’سلام پاکستان، پاکستان آدھے کھلاڑیوں سے پورا میچ کھیلا اور تُکے میں لگنے والے ایک چوکے کے ساتھ آخری بال پر میچ ہار گیا۔‘
’اس میچ میں مجھے ایک کل کا سپرسٹار بولر زمان خان دکھائی دیا جو شدید پریشر میں بھی بہترین بال کر رہا تھا۔ جیت ہار کھیل کا حصہ ہے پر ٹیم نے آدھی ہونے کے باوجود پورا مقابلہ کیا۔ ورلڈ کپ میں جب سب فٹ ہوں گے تو مزہ آئے گا۔‘
اعظم صدیقی نے اپنی پوسٹ میں انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ ’ابھی میری بابر سے بات ہوئی وہ بات نہیں کر پا رہا تھا، میں نے اُسے کہا بہادر جیتے ہیں یا سیکھتے ہیں پر ٹوٹتے نہیں ہیں۔‘
خیال رہے کہ جمعرات کو کولمبو میں کھیلے گئے ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے کے اہم ترین میچ میں سری لنکا نے پاکستان کو کانٹے کے مقابلے کے بعد دو وکٹوں سے ہرا دیا۔
سری لنکا کے خلاف میچ میں پاکستانی فیلڈرز اور بولرز نے ناقص کھیل پیش کیا جس کے بعد ٹیم ایونٹ ہی باہر ہوگئی۔