Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شاہ سلمان مرکز کی لیبیا کےلیے امدادی سامان کی فراہمی دو ماہ جاری رہے گی

لیبیا میں حکام کا کہنا ہے ہلاکتوں کی تعداد تین گنا بڑھ سکتی ہے ( فوٹو: روئٹرز)
سعودی عرب کے شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی  خدمات نے کہا ہے کہ ’لیبیا کے لیے امدادی سامان کی ترسیل سنیچر16 ستمبر سے شروع  ہوگی اور یہ دو ماہ تک جاری رہے گی‘۔
’امدادی اشیا میں فوڈ، رہائش کے لیے استعمال ہونے والی چیزیں ترجیحی بنیاد پر فراہم کی جائیں گی‘۔ 
العربیہ نیٹ  کے مطابق شاہ سلمان مرکز کا کہنا ہے  امدادی مشن میں شامل مختلف اداروں کے ساتھ  تعاون سے امدادی سامان بھیجا جائے گا۔ موجودہ مرحلے میں مختلف ضروریات اور ترجیحات کو سب سے اوپر رکھا جائے  گا۔ 
یاد رہے کہ شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے شاہ سلمان مرکز کو برادر ملک لیبیا میں سیلاب زدگان کی مدد کے لیے ترجیحی بنیاد پرامداد کی فراہمی کی ہدایت کی تھی۔
شاہ سلمان مرکز کے سربراہ ڈاکٹر عبداللہ  الربیعہ کا کہنا ہے کہ لیبیا میں ہلال احمر سمیت وہاں سرگرم متعدد بین الاقوامی انسانیت نواز تنظیموں کے تعاون سے امدادی سامان بھیجا جائے گا۔ 
واضح رہے ’دانیال’ طوفان سے لیبیا میں تباہ کن سیلاب آیا ہے۔ جس سے مشرقی لیبیا میں واقع متعدد شہر اور قصبے متاثر ہوئے ہیں۔
 تباہ کن سیلاب سے مرنے والوں کی تعداد گیارہ  ہزار 300 ہوگئی ہے جب کہ سب سے زیادہ متاثرہ شہر درنہ میں ہزاروں افراد کو اجتماعی قبروں میں دفنا دیا گیا ہے۔
شہر کے میئر کا کہنا ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد تین گنا بڑھ سکتی ہے۔

شیئر: