غیرملکی کا پاسپورٹ ایکسپائرہونے پر اقامہ تجدید نہیں کرایاجاسکتا (فائل فوٹو: عرب نیوز)
سعودی محکمہ پاسپورٹ اینڈ امیگریشن جو وزارت داخلہ کا ذیلی ادارہ ہے قوانین کے مطابق مملکت میں مقیم غیر ملکیوں کے اقامے، خروج وعودہ اور خروج نہائی کے اجرا کا ذمہ دار ہے۔
مملکت میں رہائش پذیرغیرملکی افراد جب مستقل بنیاد پر اپنے ملک جاتے ہیں تو انہیں فائنل ایگزٹ جسے عربی میں خروج نہائی کہا جاتا ہے حاصل کرنا ضروری ہوتا ہے جبکہ چھٹی پر جانے کے لیے خروج و عودہ لینا ہوتا ہے۔
سعودی عرب کی جانب سے ٹرانزٹ ویزے کی سہولت کے حوالے سے ایک شخص نے دریافت کیا’ پاکستان سے آنے والوں کو ٹرانزٹ ویزا مل سکتا ہے‘؟۔
سوال کے جواب میں بتایا گیا کہ ’مملکت کا ٹرانزٹ ویزا کسی بھی ملک کے ان شہریوں کو جاری کیا جاتا ہے جو مملکت سے ہوتے ہوئے کسی دوسرے ملک جارہے ہوں‘۔
اگرپاکستان سے یورپ یا کسی اورملک کا ویزا لگایا ہے اوروہاں جانے سے قبل السعودیہ یا فلائی ناس سے کنکٹنگ ٹکٹ خریدا جائے اس صورت میں چار دن کے لیے ٹرانزٹ ویزا جاری کیاجاتاہے جس کی انٹری سعودی عرب کے کسی بھی بین الاقوامی ہوائی اڈے پرمتعین امیگریشن اہلکارکرتے ہیں۔
واضح رہے سعودی حکام کی جانب سے ٹرانزٹ ویزا متعارف کرایا گیا ہے جس کی کوئی فیس نہیں۔ یہ مفت جاری کیاجاتا ہے تاہم اس ویزے کی دو بنیادی شرائط ہیں۔ اول یہ کہ مسافرکی منزل کوئی دوسرا ملک ہو اورراستے میں وہ سعودی عرب مختصرقیام کرنا چاہتا ہو۔
دوسری اہم شرط یہ ہے کہ ٹرانزٹ ویزا صرف السعودیہ یا فلائی ناس کے مسافروں کو ہی جاری کیاجاتا ہے۔ کسی اورایئرلائن سے سفرکرنے والوں کو یہ سہولت فراہم نہیں کی جاتی۔
اقامہ کی تجدید کے بارے میں ایک شخص نے دریافت کیا’ پاسپورٹ ایکسپائرہونے کی صورت میں اقامہ تجدید کرایاجاسکتا ہے؟‘۔
سوال کے جواب میں جوازات کا کہنا تھا کہ ’اقامہ کی تجدید کے لیے پاسپورٹ کا کارآمد ہونا ضروری ہے۔ ایکسپائر پاسپورٹ پراقامہ تجدید نہیں کرایاجاسکتا‘۔
واضح رہے پاسپورٹ بین الاقوامی سفری دستاویز ہے۔ بیرون ملک رہنے والوں کو چاہئے کہ پاسپورٹ ایکسپائ رہرنے سے قبل ہی اس کی تجدید کرالی جائے۔
سعودی محکمہ پاسپورٹ اینڈ امیگریشن کے مرکزی سسٹم میں غیرملکی کارکن کے پاسپورٹ اور اقامہ کی تفصیلات فیڈ کی جاتی ہیں۔
غیرملکی کاپاسپورٹ ایکسپائرہونے کی صورت میں اقامہ اس وقت تک تجدید نہیں کرایاجاسکتا جب تک تجدید شدہ پاسپورٹ کی انٹری جوازات کے سسٹم میں نہ کرائی جائے۔ نئے پاسپورٹ کی انٹری کرانے کے بعد ہی اقامہ تجدید کرایاجاسکتا ہے۔
تجدید شدہ پاسپورٹ کا ڈیٹا جوازات کے سسٹم میں اپ ڈیٹ کرانے کےلیے جوازات کے ابشراکاونٹ سے کیاجاسکتا ہے تاہم کارکن کے پاسپورٹ کا ڈیٹا اسپانسر کے ذریعے ہی کرانا ممکن ہے ۔
کارکن کے اہل خانہ کے تجدید شدہ پاسپورٹ کا ڈیٹا اپ ڈیٹ کرانے کا اختیارغیرملکی کو ہے وہ اپنے ابشر اکاونٹ کے ذریعےاپنے اہل خانہ کے نئے تجدید شدہ پاسپورٹ کا ڈیٹا جوازات میں اپ ڈیٹ کرسکتا ہے۔