سعودی عرب میں عربی شاعری انیشیٹو، مقابلے میں 36 شعرا حصہ لیں گے
اتوار 17 ستمبر 2023 19:59
وزارت کا کہنا ہے مقابلے کو سعودی ثقافیہ چینل پر نشر کیا جائے گا ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی لٹریچر، پبلشنگ اور ٹرانسلیشن کمیشن نے عربی شاعری 2023 انیشیٹو کی سرگرمیوں کے حصے کے طور پر ’معلقہ 45‘ کے عنوان سے ایک ٹیلی ویژن مقابلے کا آغاز کیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق اسے سعودی ثقافیہ چینل پر نشر کیا جائے گا۔ اس میں سعودی اور عرب دنیا کے ممتاز شعرا کو پیش کیا جائے گا۔
اس انیشیٹو کا مقصد جزیرہ نما عرب کے قلب سے شاعرانہ ’معلقات‘ (عربی میں ہینگنگ پویمز) کی روایت کو بحال کرنا ہے جس نے خطے کے ادبی ورثے کی تشکیل میں اہم کردار ادا کیا۔
ہر سال ایک لازوال نظم تخلیق کرنے کے لیے منعقد ہونے والے اس مقابلے میں مجموعی طور پر 36 شعرا حصہ لیں گے۔ جیتنے والی نظموں کو ریاض کے مختلف مقامات پر ثقافتی تقریبات کے دوران دکھایا جائے گا۔
مقابلے کو تین اہم کیٹیگریز میں تقسیم کیا گیا ہے۔ میٹرڈ ورس، لوک شاعری اور آزاد نظم۔ مقابلے میں پہلی تین پوزیشن حاصل کرنے والوں کو مالی انعامات سے نوازا جائے گا۔
پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے کو 10 لاکھ ریال دوسری پوزیشن حاصل کرنے والے کو پانچ لاکھ ریال جبکہ تیسری پوزیشن والے کو ڈھائی لاکھ ریال ملیں گے۔
مقابلے میں حصہ لینے کے لیے کوالیفائی کرنے والے ہر مدمقابل کو 50 ہزار ریال مالیت کا انعام دیا جائے گا۔
انہیں وزیر ثقافت شہزادہ بدر بن عبداللہ بن فرحان کے اعزاز میں سالانہ شعرا کے عشائیے میں شرکت کی خصوصی دعوت بھی ملے گی۔