Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سکیورٹی خدشات: پاکستان اور نیوزی لینڈ کا ورلڈ کپ وارم اپ میچ تماشائیوں کے بغیر ہو گا

پاکستان ٹیم ورلڈ کپ سے پہلے نیوزی لینڈ کے خلاف 29 ستمبر جبکہ تین اکتوبر کو آسٹریلیا کے خلاف حیدرآباد دکن میں وارم اپ میچ کھیلے گی۔ (فوٹو: دی ہندو)
اگلے ماہ سے انڈیا میں شروع ہونے والے آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ سے قبل ایک اہم خبر سامنے آئی ہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ورلڈ کپ کا وارم اپ میچ تماشائیوں کے بغیر کھیلا جائے گا۔
انڈین میڈیا کے مطابق 29 ستمبر کو حیدرآباد دکن میں شیڈول پاکستان اور نیوزی لینڈ کا وارم اپ میچ سکیورٹی خدشات کے باعث بند دروازوں کے پیچھے کھیلا جائے گا اور اِس میں تماشائیوں کو آنے کی اجازت نہیں ہو گی۔
اس بات کا فیصلہ 28 ستمبر کو اسلام اور ہندو مذہب کے دو تہواروں کے باعث کیا گیا ہے۔
دوسری جانب انڈین کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) ورلڈ کپ کے لیے اپنے آفیشل ٹکٹ بُکنگ پارٹنر ’بُک مائی شو‘ کو ہدایات جاری کرے گا کہ اس وارم اپ میچ کے لیے ٹکٹ خریدنے والے مداحوں کو ٹکٹ کے پیسے واپس کیے جائیں۔
 بی سی سی آئی اہلکار نے اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’یہ میچ تماشائیوں کے بغیر ہو گا اور جن لوگوں نے ٹکٹ بُک کر لیے ہیں انہیں ٹکٹ کے پیسے واپس کر دیے جائیں گے۔‘
28 ستمبر کو حیدرآباد دکن میں مذہبی تہواروں کے باعث سٹی پولیس نے حیدرآباد کرکٹ ایسوسی ایشن (ایچ سی اے) سے گزارش کی تھی کہ اس میچ کو ملتوی کر دیا جائے کیونکہ پولیس کی جانب سے مذہبی تہواروں کے باعث اتنی کثیر تعداد میں سکیورٹی اہلکار تعنیات کرنا ممکن نہیں ہے تاہم وارم اپ میچوں کے شیڈول پہلے سے ہی طے ہونے کے باعث یہ میچ ملتوی نہیں کیا گیا جس کے بعد اب یہ میچ سکیورٹی خدشات کے باعث تماشائیوں کے بغیر کروانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
صرف یہ ہی نہیں اس سے پہلے سکیورٹی ایجنسیوں نے حیدرآباد میں شیڈول ورلڈ کپ کے دو لگاتار میچوں پر بھی تحفظات کا اظہار کیا تھا۔ 
حیدرآباد میں 9 اکتوبر کو نیوزی لینڈ اور نیدرلینڈز کے درمیان میچ شیڈول ہے جبکہ اس سے اگلے روز یعنی 10 اکتوبر کو پاکستان اور سری لنکا کے درمیان میچ ہو گا۔

ورلڈ کپ میں پاکستان ٹیم اپنے سفر کا آغاز 6 اکتوبر سے نیدرلیںڈز کے خلاف میچ سے کرے گی۔ (فوٹو: اے ایف پی)

ہر میچ کے لیے تین ہزار پولیس اہلکار تعنیات کیے جائیں گے جبکہ پولیس اہلکاروں کی بڑی تعداد ہوٹل میں مقیم پاکستان کرکٹ ٹیم کی حفاظت پر بھی مامور ہوگی۔
سکیورٹی خدشات کے باعث ورلڈ کپ کے میچ کوئی پہلی مرتبہ متاثر نہیں ہو رہے۔ اس سے قبل پاکستان اور انڈیا کے درمیان احمدآباد کے نریندر مودی سٹیڈیم میں ہونے والا اہم ترین میچ بھی 15 اکتوبر کو شیڈول کیا گیا تھا تاہم مذہبی تہوار کے باعث اُس کی تاریخ اب 14 اکتوبر کر دی گئی ہے۔
اسی طرح پاکستان اور انگلیںڈ کے درمیان ورلڈ کپ کا میچ کولکتہ میں 12 نومبر کو شیڈول کیا گیا تھا لیکن اُس کی تاریخ بھی مذہبی تہوار کے باعث 11 نومبر کر دی گئی ہے۔
خیال رہے پاکستان ٹیم ورلڈ کپ سے پہلے نیوزی لینڈ کے خلاف 29 ستمبر جبکہ 3 اکتوبر کو آسٹریلیا کے خلاف وارم اپ میچ کھیلے گی۔ 
اسی طرح پاکستان ٹیم ورلڈ کپ میں اپنے سفر کا آغاز 6 اکتوبر سے نیدرلینڈز کے خلاف میچ سے کرے گی جو کہ حیدرآباد میں کھیلا جائے گا۔
 

شیئر: