Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’معاملے کا آڈٹ کیا جائے‘، انڈیا میں کرکٹ ورلڈ کپ میچز کے ٹکٹس پلک جھپکتے فروخت

انڈیا کے سابق فاسٹ بولر ونکاٹش پرساد نے بھی آن لائن ٹکٹوں پر فروخت پر مایوسی کا اظہار کیا۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
انڈیا میں کرکٹ ورلڈ کپ کے میچز کے ٹکٹوں کی پلک جھپکنے میں فروخت سے شائقین انگشت بدنداں ہیں اور سوشل میڈیا پر سخت ردعمل سامنے آیا ہے۔
سابق انڈین فاسٹ بولر ونکاٹش پرساد نے بھی آئی سی سی ورلڈ کپ کے میچوں کے ٹکٹس کی اس طرح فروخت کو شائقین کرکٹ کے ساتھ زیادتی قرار دیتے ہوئے بورڈ کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
پرساد کا ردعمل اس وقت سامنے آیا جب کرکٹ شائقین نے آفیشل ویب سائٹ پر گھنٹوں انتظار کے بعد ٹکٹس نہ ملنے کا شکوہ کیا۔
ونکاٹش پرساد نے ٹکٹس کی فروخت کے طریقہ کار پر اپنی ناپسندیدگی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ کرکٹ کے کھیل کے سب سے بڑے اور اہم شراکت دار شائقین ہیں۔
انہوں نے بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ اِن انڈیا، انٹرنیشنل کرکٹ کونسل اور بُک مائی شو کو ٹکٹس کی فروخت اور تقسیم پر تنقید کا نشانہ بنایا جو آفیشل ٹکٹنگ پارٹنر ہے۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق ہزاروں کرکٹ شائقین بورڈ کی آفیشل سائٹ پر ٹکٹس خریدنے کے لیے قطاروں میں لگے رہے جبکہ اعلان کیا گیا کہ میچز کے ٹکٹ کی فروخت مکمل ہو گئی ہے اور یہ سب انتہائی کم وقت میں مکمل ہوا۔
سابق انڈین فاسٹ بولر نے ورلڈ کپ کے میچز کے ٹکٹوں کی فروخت کے باضابطہ آڈٹ کا مطالبہ کیا تاکہ اتنے بڑے مقابلے کے ٹکٹس کے معاملے کے پیچھے چھپے عناصر کی نشاندہی کی جا سکے۔
ایکس (ٹوئٹر) پر انڈین کرکٹ بورڈ کی ایک پوسٹ پر جواب دیتے ہوئے پرساد نے لکھا کہ ’یہ بالکل اچھا نہیں ہوا۔ یا تو ٹکٹ فروخت کرنے والا پارٹنر اس معاملے کو سنبھالنے کا اہل نہیں یا پھر ٹکٹ فروخت کرنے کے نام پر یہ ایک اور دھوکہ ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ ’امید ہے کہ اس معاملے کا آڈٹ کیا جائے گا اور بتایا جائے گا کہ کہاں، کیسے اور کس کو ٹکٹس فروخت کیے گئے۔‘
یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ ’بُک مائی شو‘ کی ویب سائٹ نے ٹکٹس کی فروخت کے لیے انتظار کا وقت ڈیڑھ گھنٹہ دکھایا تاہم شائقین کرکٹ کو بُکنگ کرتے وقت طویل انتظار کرنا پڑا۔
قبل ازیں بہت زیادہ مانگ کو دیکھتے ہوئے انڈین کرکٹ بورڈ نے شائقین کرکٹ کے لیے 40 ہزار نئے ٹکٹس جاری کرنے کا فیصلہ کیا۔
اس اعلان کے بعد بھی متعدد شائقین کرکٹ کو مایوسی کا سامنا کرنا پڑا جب آفیشل ویب سائٹ نے کہا کہ تمام ٹکٹس فروخت ہو چکے ہیں۔

شیئر: