لائٹ ٹرانسپورٹ ڈرائیونگ لائسنس ہولڈر کون سی گاڑیاں چلا سکتے ہیں؟
زیادہ وزنی گاڑی کے لیے ہیوی ٹرانسپورٹ ڈرائیونگ لائسنس ضروری ہے (فوٹو: عکاظ)
سعودی محکمہ ٹریفک نے کہا ہے کہ’ لائٹ ٹرانسپورٹ ڈرائیونگ لائسنس ہولڈر 3500 کلو گرام تک وزنی گاڑیاں چلا سکتا ہے‘۔
عکاظ اخبار کے مطابق محکمہ ٹریفک نے لائٹ ٹرانسپورٹ میں شامل گاڑیوں کے حوالے سے بتایا کہ ’یہ وہ گاڑیاں ہیں جن کا وزن ساڑھے تین ٹن سے زیادہ نہیں ہوتا۔ ساڑھے تین ٹن سے وزنی گاڑیاں ہیوی ٹرانسپورٹ میں شمار ہوتی ہیں‘۔
سعودی محکمہ ٹریفک سے ٹوئٹر پراستفسار کیا گیا تھا کہ’لائٹ ٹرانسپورٹ ڈرائیونگ لائسنس ہولڈر لائٹ پبلک ٹرانسپورٹ والی گاڑیاں چلا سکتا ہے‘؟۔
محکمہ ٹریفک کا کہنا تھا کہ ’پرائیویٹ اور پبلک ٹرانسپورٹ کی ایسی تمام گاڑیاں جن کا مجموعی وزن 3500 کلو گرام سے کم ہو انہیں لائٹ ٹرانسپورٹ ڈرائیونگ لائسنس ہولڈر چلا سکتے ہیں‘۔
’اس سے زیادہ وزن والی گاڑی کے لیے ہیوی ٹرانسپورٹ ڈرائیونگ لائسنس ضروری ہے‘۔
یاد رہے کہ ایسی گاڑی کی ڈرائیونگ جس کا حجم لائسنس سے مطابقت نہیں رکھتا ٹریفک خلاف ورزی ہے اس پر کم از کم ایک ہزار اور زیادہ سے زیادہ دو ہزار ریال تک کا جرمانہ ہے۔