شہزادہ فیصل بن فرحان کی نیویارک میں امریکہ سمیت کئی ملکوں کے وزرائے خارجہ اور حکام سے ملاقاتیں
شہزادہ فیصل بن فرحان کی نیویارک میں امریکہ سمیت کئی ملکوں کے وزرائے خارجہ اور حکام سے ملاقاتیں
منگل 19 ستمبر 2023 23:46
امریکہ میں سعودی سفیر شہزادی ریما اور دیگر حکام بھی موجود تھے( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے منگل کو نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر امریکی وزیر خارجہ انتونی بلنکن، متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ عبداللہ بن زاید آل نہیان سمیت متعدد ملکوں کے وزرائے خارجہ اور اعلی حکام سے ملاقاتیں کی ہیں۔
عرب نیوز اور ایس پی اے کے مطابق امریکی اور اماراتی وزرائے خارجہ کے ساتھ ملاقات میں یمن میں دیرپا امن کےلیے ایک روڈ میپ تلاش کرنے کی کوشش میں صنعا سے ایک وفد کی میزبانی پر سعودی عرب کا خیرمقدم کیا گیا۔
سعودی وزیر خارجہ نے ہالینڈ، فن لینڈ اور رومانیہ کی ہم منصب اور اقوام متحدہ کے عہدیداروں سے بھی ملاقات کی۔
ایس پی اے کے مطابق سعودی عرب اور ہالینڈ کے وزرائے خارجہ نے ملاقات میں دوطرفہ تعاون مضبوط بنانے اورانہیں ترقی دینے کا جائزہ لیا۔
اہم ترین بین الاقوامی ایشوز کے حوالے سے پیش رفت اور اس سلسلے میں کی جانے والی کوششوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
فن لینڈ کی وزیر خارجہ ایلینا اور سعودی وزیر خارجہ کی ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیا گیا۔
تعاون کے مختلف شعبوں میں تعلقات مضبوط بنانے اور ترقی دینے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر امریکہ میں سعودی سفیر شہزادی ریما بنت بندر بن سلطان اور نیویارک میں مملکت کے مستقل نمائندے عبدالعزیز الوصل بھی موجود تھے۔