نئی دہلی۔۔۔۔۔شمالی دہلی کے ایک علاقے میں 32سالہ ای رکشہ ڈرائیور کو محض اس وجہ سے مار مار کر ہلاک کردیا گیا کہ اس نے نوجوانوں کو سڑک پر پیشاب کرنے سے منع کیا تھا۔پولیس کے مطابق رکشہ ڈرائیور32سالہ رویندر نے ان نوجوانوں سے کہا تھا کہ ان کی اس حرکت سے علاقے میں بدبو پھیلتی ہے ۔ان لوگوں میں تلخ کلامی ہوئی۔ یہ نوجوان، رویندر کو دھمکی دیکر گئے کہ وہ اپنے مزید دوستوں کے ساتھ واپس آئیں گے۔ یہ لوگ 15نوجوانوں کے ساتھ واپس آئے اوررویندر کی پٹائی شروع کردی۔ان کے جانے کے بعد رویندر نے اپنے بھائی کو فون کرکے بلالیا جو اسے گھر لے گیالیکن گھر پہنچنے تک اس کی حالت بگڑ چکی تھی اسے اسپتال لے جایا گیا جہاں اسے مردہ قراردیدیاگیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے قاتلوں کی گرفتاری کیلئے کوششیں شروع کردی ہیں۔