سعودی وزیر خارجہ کا عالمی بحرانوں کے پرامن حل پر زور
سعودی وزیر خارجہ کا عالمی بحرانوں کے پرامن حل پر زور
ہفتہ 23 ستمبر 2023 23:41
جنرل اسمبلی سے خطاب میں شہزادہ فیصل بن فرحان کہنا تھا’ مملکت میں انسانی حقوق کو سب سے زیادہ اہمیت دی جاتی ہے‘۔( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے سنیچر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کے دوران متعدد عالمی بحرانوں کے پر امن حل پر زور دیا ہے۔
انہوں نے اسرائیل فلسطین تنازع کے حل کےلیے سعودی عرب کی حمایت کا اعادہ کیا جو فلسطینی عوام کو 1967 کی سرحدوں کے اندر ایک آزاد ریاست قائم کرنے کی اجازت دیتا ہے جس کا دارالحکومت مشرقی یروشلم ہوگا۔
العربیہ اور عرب نیوز کے مطابق سعودی وزیر خارجہ نے شام ، یمن، لبنان، عراق، لیبیا، یوکرین اور سوڈان کے تنازعات اور بحرانوں کے حل پر بھی زور دیا۔
شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا کہ ’سعودی عرب ہمیشہ سے امن وسلامتی، ترقی اور استحکام پربھرپور توجہ دیتا ہے‘۔
انہوں نے مزید کہا ’سعودی عرب ،اقوام متحدہ کے میثاق اور بین الاقوامی قوانین کی پاسداری پر زور دیتا ہے۔
’اقوام عالم کی خود مختاری، اندرونی معاملات میں عدم مداخلت اور تنازعات کو پرامن طریقے سے حل کرنے کے قائل ہیں‘۔
ان کا کہنا تھا’ مملکت کے وژن 2030 میں آنے والی نسلوں کی امنگوں کو سامنے رکھتے ہوئے تعمیر و ترقی کے اہداف کو وضع کیا گیا ہے‘۔
نوجوانوں اورخواتین کو باختیار بناتے ہوئے ترقیاتی امور میں ان کا حصہ شامل کیا تاکہ ان کی تخلیقی وتعمیری صلاحیتوں کو اجاگرکیا جائے‘۔
شہزادہ فیصل بن فرحان نے اس بات پرزور دیا کہ’ مملکت میں انسانی حقوق کو سب سے زیادہ اہمیت دی جاتی ہے‘۔
انہوں نے مزید کہا ’سعودی عرب سلامتی اور استحکام کے قیام ، جامع ترقی اور ڈائیلاگ کے ذریعے مسائل کے حل کی حمایت کرتا ہے‘۔
سعودی وزیر خارجہ کا کہنا تھا ’ جوہری ہتھیاروں کے خاتمے کے حوالے سے کی جانے والی کوششوں کو سراہتے ہیں جس کا مقصد دنیا خصوصا جوہری ہتھیاروں سے پاک کرنا ہے‘۔
معیشت کے حوالے سے وزیر خارجہ نے کہا ’عالمی توانائی کی منڈیوں کا استحکام عالمی معیشت اوراس کی ترقی کے لیے انتہائی اہم ہے۔ مملکت تیل کی عالمی منڈیوں کے استحکام اوراس کے تحفظ کو یقینی بنانے کا خواہاں ہے‘۔
انہوں نے سوڈان میں کشیدگی کم کرنے پر زور دیا اور کہا کہ’ سعودی عرب نےاس سال کے اوئل میں امریکہ کی شراکت سے جدہ میں سوڈان کی مسلح افواج اور ریپڈ سپورٹ فورسز کے درمیان جنگ بندی کےلیے مذاکرات کی میزبانی کی تھی۔
شہزادہ فیصل بن فرحان نے یوکرینی بحران کے خاتمے کےلیے عالمی ثالث کے طور پر سعودی عرب کی کوششوں کا ذکر کیا جس میں اگست میں یوکرینی بحران پر ایک بین الاقوامی سربراہی اجلاس کی میزبانی شامل ہے۔
شہزادہ فیصل بن فرحان نے سعودی عرب اور ایران کے درمیان خودمختاری، آزادی، سلامتی اور عدم مداخلت کے باہمی احترام پر مبنی سفارتی تعلقات کی بحالی کی بھی تعریف کی۔
سعودی وزیر خارجہ نےعالمی برادری سے اسلامو فوبیا کے خلاف کارروائی کا بھی مطالبہ کیا۔
موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے شہزادہ فیصل بن فرحان نے کاربن کے اخراج کو کم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
ان کا کہنا تھا’ مملکت ماحولیاتی تحفظ کی اہمیت سے بخوبی واقف ہے۔ ماحولیاتی تبدیلیوں کے چیلنجز سے نمٹنے اورکاربن کے اخراج کو کم کرنے کےلیے کوشاں ہے‘۔
انہو ں نے مزید کہا کہ ’مملکت نے ماحول کے تحفظ اور گرین ہاوس گیسوں کے اخراج کو کم کرنے کےلیے سعودی عرب اور مشرق وسطی گرین نیشیٹو کا آغاز کیا ہے۔
انہوں نے ان تمام ممالک کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ورلڈ ایکسپو 2030 کی میزبانی کےلیےسعودی عرب کی حمایت کی۔