Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پارا چنار کی سبزی منڈی میں تیندوا نکل آیا، حملے میں دو افراد زخمی

تیندوے کے حملے میں زخمی ہونے والے افراد کی حالت خطرے سے باہر ہے (فوٹو: کرم وائلڈ لائف)
پاکستان کے ضلع خیبرپختونخوا کے ضلع کرم کی سبزی منڈی میں تیندوے کے حملے میں دو افراد زخمی ہو گئے ہیں۔
یہ واقعہ اتوار کی صبح پارہ چنار سبزی منڈی میں اس وقت پیش آیا جب دکان دار وہاں پہنچے۔ زخمی افراد کو پارا چنار کے ضلعی ہسپتال میں منتقل کیا گیا ہے۔
ضلع کرم کے ڈی ایف او مصف علی نے اردو نیوز کو بتایا کہ ’یہ تیندوا رات گئے تقریباً دو بجے منڈی میں داخل ہوا تھا۔ صبح سویرے جب دکان دار بولی لگانے کے لیے پہنچے تو تیندوے نے ان پر حملہ کر دیا۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’تیندوے کے حملے میں دو افراد معمولی زخمی ہوئے ہیں اور انہیں ابتدائی طبی امداد کے لیے ڈی ایچ کیو ہسپتال پارا چنار منتقل کیا گیا ہے۔‘
’اس کے بعد تیندوا ایک دکان میں داخل ہوا تو وہاں موجود افراد نے دکان کا شٹر بند کر دیا۔‘
’پھر آٹھ بجے اطلاع ملتے ہی میں اپنی ٹیم کے ساتھ سبزی منڈی پہنچ گیا تھا۔‘
ڈی ایف او کے مطابق ’تیندوا اس وقت دکان کے اندر محفوظ ہے۔ ہمارے پاس اسے فوری طور پر ریسکیو کرنے کا سامان میسر نہیں تھا، اس لیے ہم نے پشاور کے چڑیا گھر سے وٹنری سٹاف کو بلوایا ہے جو ابھی راستے میں ہے۔‘
’جونہی پشاور سے ٹیم پہنچے گی ہم جانور کو ریسکیو کر کے یہاں سے منتقل کر دیں گے۔‘

شیئر: