Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب کے قومی دن کی خوشیوں میں لاکھوں افراد شریک

مختلف شہروں میں آتش بازی نے مملکت کے آسمانوں کو منور کر دیا (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کے 93 قومی دن کے موقع پر ہونے والی آتش بازی نے مملکت کے آسمانوں کو منور کر دیا۔
عرب نیوز کے مطابق سنیچر کی شام لاکھوں افراد ملک بھر میں مختلف مقامات پر سعودی جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کے زیر اہتمام آرٹسٹک شو سے لطف اندوز ہونے کے لیے جمع ہوئے۔
آتش بازی کا مشاہدہ کرنے کے لیے جمع ہونے والے شہریوں اور رہائشیوں کو بھی ڈرون شوز سمیت دیگر مختلف نمائشوں اور تقریبات سے لطف اندوز ہونے کا موقع ملا۔
ریاض، جدہ، دمام، الخبر، الاحسا، بریدہ، ابھا، مدینہ، حائل، تبوک، بہا، سکاکا، جازان، نجران، طائف، عرعر اور دیگر شہروں میں تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔
بلیوارڈ ریاض سٹی میں بل بورڈز پر شاہ سلمان، ولی عہد محمد بن سلمان اور مملکت کے پرچم کی تصاویر آویزاں تھیں۔
سعودی عرب کے قومی دن کی خوشی میں العلا کے لوگ مرایا کنسرٹ ہال میں جمع ہوئے، جہاں عربی گھوڑے، جو طویل عرصے سے سعودیوں کی زندگی میں ایک خاص مقام رکھتے ہیں، نمائش کے لیے رکھے گئے تھے، ان کے ساتھ روایتی سعودی لباس میں سوار تھے۔
دریں اثنا، ریاض میں ایک شاندار فوجی شو منعقد ہوا جس کا آغاز پریڈ کے ساتھ ہوا۔ فوجی شو میں سعودی رائل گارڈ، نیشنل گارڈ کی وزارت اور بارڈر گارڈ کے جنرل ڈائریکٹوریٹ نے شرکت کی۔
پریڈ میں گھوڑوں پر سوار مارچ اور آنر گارڈ کی طرف سے موسیقی کی پرفارمنس پیش کی گئی جس کا اختتام ہیلی کاپٹر کے ذریعے سعودی پرچم لہرانے کے ساتھ ہوا جو فضائی نمائش کے آغاز کی علامت ہے۔
وزارت نیشنل گارڈ سے تعلق رکھنے والے 12 اپاچی اور بلیک ہاک ہیلی کاپٹروں نے فضائی شو میں حصہ لیا جس کے بعد ممتاز سعودی فالکنز ایروبیٹک ٹیم نے شرکت کی۔
رائل سعودی ایئر فورس نے ایونٹ کے دوران متاثر کن ڈسپلے بھی پیش کیے جن میں ٹائفون، ایف 15 ایس، ٹورنیڈو اور ایف 15 سی جیسے طیاروں کی نمائش کی گئی۔
رائل سعودی بحریہ نے بحیرہ احمر اور خلیج عرب کے ساحلوں کے ساتھ ساتھ مشرقی اور مغربی بحری بیڑوں میں میری ٹائم  پروسیشنز اور شوز کا انعقاد کیا۔

شیئر: