رت جگے، تفریحی پروگارم اور قومی گیت، سعودی شہری یوم وطنی کیسے منائیں گے؟
نو فیصد شہروں کی سڑکوں پر اپنی خوشی کا اظہار کریں گے (فوٹو: اخبار 24)
سعودی عرب میں شاہ عبدالعزیز قومی مکالمہ مرکز کے ماتحت رائے عامہ کا جائزہ تیار کرنے والے ادارے نے یوم وطنی کے حوالے سے ایک جائزہ رپورٹ جاری کی ہے۔
جائزہ رپورٹ میں بتایا گیا کہ’ 56 فیصد سعودی شہری یوم وطنی 93 پر گھر یا ریسٹ ہاوس میں رشتہ داروں یا دوستوں کے ہمراہ رت جگا کریں گے۔ 35 فیصد تفریحی پروگرام دیکھنے جائیں گے جبکہ نو فیصد شہروں کی سڑکوں پر اپنی خوشی کا اظہار کریں گے‘۔
جائزہ رپورٹ میں یہ بات سامنے آئی کہ’ 35 فیصد شہری یوم وطنی کے موقع پر سب سے زیادہ سعودی گلوکار محمد عبدہ کا قومی گیت ’فوق پھام السحب‘ سن کر دل بہلائیں گے جبکہ طلال مدح کا قومی گیت ’وطنی الحبیب‘ دوسرے، ابوبکر سالم بالفقیہ کا قومی گیت تیسرے، سراج عمر کا چوتھے نمبر پر ہے‘۔
رائے عامہ میں 46 فیصد افراد نے اس خواہش کا اظہار کیا کہ ’وہ مملکت میں تعمیر و ترقی کو اجاگر کرنے والی فلم دیکھنا چاہیں گے جبکہ 40 فیصد نے اس موقع پر 1319ھ میں ریاض کی بازیابی کے حوالے سے شاہ عبدالعزیز کے کارنامے کی کہانی پر مشتمل فلم دیکھنا دیکھنے کی خواہش کی‘۔
14 فیصد کا کہنا ہے ’ وہ مملکت میں پٹرول کی دریافت کی کہانی بیان کرنے والی فلم دیکھیں گے‘۔
کھیلوں کے حوالے سے مقامی شہریوں نے سعودی عرب میں روشن لیگ کے لیے دنیا کے بہترین کھلاڑیوں کی خدمات حاصل کرنے پر خوشی کا اظہار کیا۔
53 فیصد کا کہنا ہے ’ اس اقدام سے پوری دنیا میں سیاحتی فرنٹ کے طور پر سعودی عرب کی تصویر بہتر ہوگی‘۔