Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب کا 93 واں یوم الوطنی، اسلام آباد میں رنگا رنگ تقریب

تقریب کے دوران دونوں ممالک کے قومی ترانے بجائے گئے اور سعودی عرب کی تعمیر و ترقی اور پاکستان کے ساتھ تعلقات پر ایک دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی۔ (فوٹو: اردو نیوز)
سعودی عرب کے سفارت خانے کے زِیراہتمام اسلام آباد میں 93 ویں یوم الوطنی کی رنگا رنگ تقریب منعقد ہوئی جس میں مختلف ممالک کے سفارت کاروں اور پاکستان کی اعلٰی سول و فوجی قیادت نے شرکت کی۔
پیر کو ہونے والی اس تقریب کے مہمان خصوصی سینیٹ آف پاکستان کے چیئرمین صادق سنجرانی تھے، جبکہ دیگر مہمانوں میں گورنر سندھ کامران ٹیسوری، وفاقی وزیر برائے صنعت گوہر اعجاز، مولانا فضل الرحمان، سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی، راجہ ظفر الحق، سینیٹر مشاہد حیسن سید، خرم دستگیر، جہانگیر ترین، شیری رحمان، فواد چوہدری اور دیگر معروف سیاسی و سماجی شخصیات شامل تھیں۔ 
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان میں سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین بھائی چارے کے رشتے کی بنیاد اخلاص اور محبت ہے اور دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ سماجی، مذہبی اور ثقافتی تعلقات ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی بھائی بھائی ہیں اور سعودی عرب پاکستان کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے تقریب کے مہمان خصوصی چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی قائدانہ صلاحیتوں اور ویژن کو سراہتے ہوئے کہا کہ اُنہوں نے ہمیشہ پاکستان کی ہر حوالے سے مدد کی۔ 

تقریب میں مختلف ممالک کے سفارت کاروں اور پاکستان کی اعلٰی سول و فوجی قیادت نے شرکت کی۔ (فوٹو: اردو نیوز)

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کا مشترکہ مقصد خطے میں امن اور سلامتی ہے اور اس سلسلے میں پاکستان سعودی عرب کی طرف سے سفارتی اور سکیورٹی تعاون پر مشکور ہے۔
صادق سنجرانی کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کو اپنی خودمختاری اور حقوق کے تحفظ کے لیے مشترکہ طور پر کام اور ایک دوسرے کی مدد جاری رکھنی چاہیے۔
چیئرمین سینیٹ نے مزید کہا کہ پاکستان سعودی عرب کی صف اول کی معدنیاتی کمپنی کی پاکستان کے معدنی وسائل میں سرمایہ کاری اور یہاں تعمیر و ترقی کے عمل کا حصہ بننے پر خوش آمدید کہتا ہے۔
تقریب کے دوران دونوں ممالک کے قومی ترانے بجائے گئے اور سعودی عرب کی تعمیر و ترقی اور پاکستان کے ساتھ تعلقات پر ایک دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی، جبکہ لیزر لائٹس کے ذریعے سعودی ثقافت اور ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کی شخصیت کی عکس بندی کی گئی۔ 

شیئر: