Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی سفیر نے  فلسطینی صدر کو اسناد سفارت پیش کردیں 

فلسطینی صدر سے سعودی سفیر کی ملاقات رام اللہ کے ایوان صدارت میں ہوئی (فوٹو: سعودی سفارتخانہ)
فلسطین میں غیر مقیم سعودی سفیر نایف بن بندر السدیری نے منگل کو فلسطینی صدر محمود عباس کو اسناد سفارت پیش کردیں۔ وہ فلسطین میں غیرمقیم سفیر اور یروشلم میں قونصل جنرل کی حیثیت سے کام کریں گے۔ 
یاد رہے کہ اردن میں سعودی سفیر نایف بن بندر السدیری کو گزشتہ ماہ فلسطینی علاقوں میں غیر مقیم سفیر اور یروشلم کے لیے قونصل جنرل مقرر کیا گیا تھا۔
فلسطینی خبررساں ادارے کے مطابق صدر محمود عباس سے سعودی سفیر کی ملاقات رام اللہ میں واقع ایوان صدارت میں ہوئی۔
فلسطینی صدر نے نایف بن بندر السدیری کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ’ فلسطین کا ان کا دورہ اہم ہے‘۔ 
نایف بن بندر السدیری نے کہا کہ’ سعودی عرب فلسطینی ریاست کے قیام اور مشرقی القدس کو اس کا دارالحکومت بنانے کے لیے کوشاں ہے‘۔
 فلسطینی  وزیر خارجہ ریاض المالکی کے ساتھ  مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران ان کا کہنا تھا’ سعودی عرب مسئلہ  فلسطین میں گہری دلچسپی رکھتا ہے اور بین الاقوامی قانونی نظام کی بنیاد پر اسے حل کرانا چاہتا ہے‘۔ 
فلسطینی وزیر خارجہ ریاض المالکی نے کہا کہ سعودی عرب کے ساتھ تعلقات تاریخی  دور سے گزر رہے ہیں۔  
فلسطینی وزارت خارجہ کے سیاسی مشیر احمد الدیک نے کہا ’سعودی  فلسطینی تعلقات کبھی منقطع نہیں ہوئے‘۔
انہوں نے مشرق وسطی میں قیام امن کے حوالے  سے سعودی کردار پر اعتماد کا اظہار کیا۔ 
سعودی سفیر کا کہنا تھا کہ’ فلسطین کا دورہ اہم اقدام ہے۔  یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ  شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان ریاست فلسطین میں اپنے بھائیوں کے ساتھ  تعلقات مضبوط بنانا چاہتے ہیں‘۔
نایف السدیری کا رام اللہ کا دورہ ایسے وقت میں آیا ہے جب واشنگٹن اسرائیل اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات کو معمول پر لانے کے حوالے سے بات چیت کی قیادت کر رہا ہے، اس اقدام کو خطے کے لیے گیم چینجر کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
فرانسیسی نیوز ایجنسی اے ایف پی کے مطابق جیریکو کی قائم مقام گورنر یسرا سویتی نے بتایا کہ ’فلسطینی علاقوں میں مملکت کے غیرمقیم سفیر نایف السدیری کی قیادت میں وفد اردن کے راستے پہنچا‘۔
1993 میں اوسلو معاہدے پر دستخط ہونے کے بعد یہ پہلا سعودی وفد ہے جو مغربی کنارے کا سفر کر رہا ہے۔

شیئر: