Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان اور خلیج تعاون کونسل کے درمیان آزاد تجارت کے معاہدے پر دستخط

جمعرات کو ریاض میں جی سی سی سیکریٹری جنرل جاسم محمد البديو اور ڈاکٹر اعجاز گوہر نے آزاد تجارت کے ابتدائی معاہدے پر دستخط کیے۔ فوٹو: ٹوئٹر ڈاکٹر گوہر اعجاز
پاکستان اور خلیج تعاون کونسل کے درمیان آزاد تجارت کا ابتدائی معاہدہ طے پا گیا ہے۔
پاکستان کی وزارت کامرس کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ جمعرات کو ریاض میں جی سی سی ہیڈکوارٹرز میں سیکریٹری جنرل جاسم محمد البديو اور نگران وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار ڈاکٹر اعجاز گوہر نے آزاد تجارت کے ابتدائی معاہدے (ایف ٹی اے) پر دستخط کیے۔
وزارت کامرس کے مطابق جمعرات کو طے پانے والا یہ معاہدہ دونوں اطراف کے اقتصادی تعاون میں سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔
جمعے کو نگران وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار ڈاکٹر اعجاز گوہر نے سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر معاہدے کے حوالے سے بیان میں کہا کہ خلیجی تعاون کونسل (جی سی سی) کا 2009 کے بعد سے کسی بھی ملک کے ساتھ یہ پہلا آزادانہ تجارت کا معاہدہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے تمام جی سی سی رکن ممالک کے ساتھ بہترین تعلقات ہیں اور آزاد تجارت کا معاہدہ (ایف ٹی اے) یقینی بنائے گا کہ ہمارے معاشی تعلقات بھی اسی نوعیت کے ہوں۔
ڈاکٹر اعجاز گوہر نے اس معاہدے کو ممکن بنانے کے لیے سیکریٹری جنرل جی سی سی جاسم محمد البديو کا  شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے دونوں فریقین کی مذاکراتی ٹیموں کا بھی محنت اور تندہی سے کام کرنے پر شکریہ ادا کیا۔
جی سی کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ تاریخی معاہدہ تعاون میں ایک اہم موڑ کی حیثیت رکھتا ہے جو دونوں فریقین کے مشترکہ مفادات کو خاطر خواہ لاتے ہوئے ترقی اور خوشحالی کا سبب بنے گا۔
اعلامیے کے مطابق جی سی سی دیگر ممالک کے ساتھ بھی آزادانہ تجارت کے معاہدوں کو آگے بڑھا رہا ہے تاکہ رکن ممالک کے لیے علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر تجارت اور معاشی تعاون کے امکانات کو بڑھایا جائے۔

شیئر: