Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستانی بولنگ ناکام، وارم اپ میچ نیوزی لینڈ نے 5 وکٹوں سے جیت لیا

محمد رضوان نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 93 گیندوں پر اپنی سینچری مکمل کی (فوٹو: آئی سی سی)
آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے وارم اپ میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو پانچ وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔
جمعے کو انڈیا کے شہر حیدرآباد میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ نے 346 رنز کا بڑا ہدف پانچ وکٹوں کے نقصان پر صرف 44 ویں اوور میں حاصل کر لیا۔
رچن رویندرا نے 97 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی جبکہ مارک چیپمین 65 رنز ناٹ آؤٹ کے ساتھ نمایاں رہے۔ پاکستان کی جانب سے اسامہ میر نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
ٹاس جیت کر گرین شرٹس کے کپتان بابر اعظم نے پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو ابتدا میں درست ثابت نہ ہوا اور امام الحق صرف ایک رن بنا کر ہی میٹ ہنری کی گیند پر کیچ تھما بیٹھے۔
عبداللہ شفیق نے بابر اعظم کے ساتھ مل کر سکور کو تھوڑا آگے بڑھایا، تاہم وہ 14 رنز کے انفرادی سکور پر مچل سینٹنر کی گیند پر سٹمپ آؤٹ ہو گئے۔
دونوں اوپنرز کے پویلین روانہ ہونے کے بعد محمد رضوان میدان میں آئے اور بابر اعظم کے ساتھ مل کر ٹیم کو سہارا دیا۔ دونوں کے درمیان 114 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی جس کے بعد بابر اعظم 84 گیندوں پر 80 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر مچل سینٹنر کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔ ان کی اننگز میں آٹھ چوکے اور دو چھکے شامل تھے۔
محمد رضوان نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 93 گیندوں پر اپنی سینچری مکمل کی۔ ان کی اننگز میں نو چوکے اور دو چھکے شامل تھے۔ وہ 104 رنز پر ریٹائرڈ ہرٹ ہو گئے۔

بابر اعظم 84 گیندوں پر 80 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر مچل سینٹنر کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے (فوٹو: گیٹی امیجز)

پاکستان نے اس وارم اپ میچ میں سعود شکیل کو موقعہ دیا تھا جنہوں نے اس کا بھرپور فائدہ اٹھایا اور 53 گیندوں پر 75 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر جیمز نیشم کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔
پاکستانی لوئر آرڈر نے بھی اچھی بیٹنگ کی اور ٹیم کا سکور مقررہ 50 اوورز میں 345 رنز تک پہنچایا۔ آغا سلمان 33 اور افتخار احمد سات رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

نیوزی لینڈ کی اننگز

346 رنز کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کو اپنی اننگز کے دوسرے اوور میں ہی پہلا جھٹکا لگا اور اپنے اوور کی پہلی گیند پر حسن علی نے ڈیون کونوے کو پویلین روانہ کر دیا۔ اس کے بعد بلیک کیپس نے دفاعی پوزیشن اختیار کرنے کے بجائے پاکستانی بولرز پر ہلہ بول دیا اور ان کی خوب دھلائی کی۔
رچن رویندرا نے 72 گیندوں پر 16 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 97 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ انہیں آغا سلمان نے بولڈ کیا۔

کین ولیمسن 54 رنز بنا کر ریٹائرڈ ہرٹ ہوئے (فوٹو: گیٹی امیجز)

کین ولیمسن 54 اور ڈیرل مچل 59 رنز کے ساتھ ریٹائرڈ ہرٹ ہوئے۔
نیوزی لینڈ کے جارحانہ کھیل کے آگے گرین شرٹس کے بولرز بے بس نظر آئے اور یون انہوں نے ایک بڑا ہدف 44 ویں اوور کی چوتھی گیند پر حاصل کر لیا۔ مارک چیپمین 41 گیندوں پر چھ چوکوں اور تین چوکوں کی مدد سے 65 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

شیئر: