سعودی وزیر اقتصادیات کا دورہ آسٹریا، تجارتی تعلقات مضبوط بنانے کی کوششیں
سعودی وزیر اقتصادیات نے آسٹرین انڈسٹریز فیڈریشن کے ساتھ ملاقاتیں کی ہیں( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کے وزیر برائےاقتصادیات اور منصوبہ بندی فیصل بن فضل الابراہیم نے ویانا میں دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے آسٹرین انڈسٹریز فیڈریشن کے ساتھ ملاقاتیں کی ہیں۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق یہ ایسوسی ایشن آسٹریا کے معاشی منظر نامے میں ایک اہم کردار ادا کرتی ہے اوراس کے اراکین ملک کی اسمبلی کارکنوں میں سے 80 فیصد سے زیادہ ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق فیصل بن فضل الابراہیم نے دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے، مشترکہ مفادات کی تکمیل اور باہمی فوائد کو فروغ دینے کے لیے نجی شعبے کے ساتھ شراکت داری بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا۔
سعودی وزیر نے مملکت اور دیگر یورپی ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے سعودی، پرتگالی مشترکہ کمیٹی کے چھٹے اجلاس میں بھی وفد کی قیادت کی۔
ملاقات میں سعودی عرب اور پرتگال کے درمیان سرمایہ کاری کے مواقع کا جائزہ لیا گیا اور مزید شراکت داری کے لیے راہیں تلاش کی گئیں۔
اس موقع پرمملکت کی جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن اور پرتگالی وزارت انفراسٹرکچر کے درمیان ایک نئے معاہدے پر دستخط ہوئے۔
معاہدہ ایوی ایشن کی خدمات کے قیام کا منصوبہ رکھتا ہے جو اعلیٰ ترین سطح کی حفاظت اور تحفظ فراہم کرتی ہے، تجارتی تعامل کو بہتر کرتی ہے اور دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی ترقی کو فروغ دیتی ہے۔
ایس پی اے کے مطابق یہ معاہدہ ان متعدد معاہدوں میں سے ایک ہے جن پر فیصل بن فضل الابراہیم کے لزبن کے دورے کے دوران دستخط کیے گئے تھے۔
ان معاہدوں کا مقصد تجارتی تعلقات کو فروغ دینا، ریاض اور لزبن کے درمیان تعاون کو بڑھانا ہے۔
سعودی عرب نے ستمبر میں سلووینیا کے ساتھ تجارتی تعلقات کو فروغ دیا کیونکہ مملکت اپنی اقتصادی تنوع کی مہم کے دوران تجارتی روابط قائم کرنا چاہتی ہے۔
فیصل بن فضل الابراہیم نے سلووینیا کے دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان ایک خصوصی بزنس کونسل بنانے کے لیے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کی نگرانی کی۔
یہ دورے وژن 2030 کے مقاصد کے مطابق عالمی رابطوں کو فروغ دینے اور بین الاقوامی تعلقات کو تقویت دینے کے لیے مملکت کے عزم کی عکاسی کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ سعودی وزیر نے فروری میں فرانسیسی وزیر برائے اقتصادیات، مالیات، صنعتی اور ڈیجیٹل خودمختاری برونو لی مائر کے ساتھ ملاقات میں اقتصادی تعلقات کو فروغ دینے، سرمایہ کاری کے مواقع اور مشترکہ دلچسپی کے موضوعات پر تبادلہ خیال کیا تھا۔