Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’اسرائیلی شہریوں کی ہلاکتیں مقبوضہ علاقوں میں اسرائیل کی کارروائیوں کا نتیجہ‘

حسام زملط نے اسرائیل پر الزام لگایا کہ وہ فلسطین میں ’نسل پرستی‘ کی نگرانی کر رہا ہے (فوٹو: سکرین شاٹ)
برطانیہ میں فلسطین کے سفیر حسام زملط نے کہا ہے کہ حماس کے عسکریت پسندوں کے ہاتھوں اسرائیلی شہریوں کی ہلاکت ’متوقع‘ تھی۔
عرب نیوز کے مطابق حماس کی جانب سے کیے گئے حملوں میں کم از کم 600 اسرائیلیوں کی ہلاکت کی اطلاع ہے، ہزاروں زخمی اور درجنوں کو عسکریت پسند گروپ کے ہاتھوں یرغمال بنایا گیا ہے۔
حسام  زملط ، جو اگلے ہفتے برطانوی اپوزیشن لیبر پارٹی کے زیر اہتمام ’فرینڈز آف فلسطین‘ تقریب میں خطاب کرنے والے ہیں، نے کہا کہ ’یہ ہلاکتیں مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں اسرائیل کی کارروائیوں کا نتیجہ ہیں۔‘
انہوں نے سنیچر کو امریکی نیوز چینل کے ساتھ ایک انٹرویو کے دوران کہا کہ ’شہری جانوں کا نقصان ہر طرف سے افسوسناک ہے، اور جو کچھ ہو رہا ہے وہ انتہائی تشویشناک اور انتہائی افسوسناک ہے۔‘
’ہم جانوں کے نقصان بات کر رہے ہیں، ، آپ نے 70 اسرائیلی اموات کو تو گن لیا ہے، لیکن اب تک 200 سے زیادہ فلسطینیوں کی بھی موت ہو چکی ہے، 16 سو سے زیادہ رہائشی کمپاؤنڈز کا صفایا کیا جا رہا ہے۔ یہ اسرائیل کا ایک جنگی جرم ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’اور اس سے زیادہ المناک یا اتنی ہی افسوسناک بات کئی برسوں سے دنیا اور بین الاقوامی برادری کا اندھا اور بہرا پن ہے، ہم خبردار کر رہے تھے کہ یہ ہو سکتا ہے۔ اسرائیل جانتا تھا کہ یہ ہو سکتا ہے، یہ اسی کا ایک نتیجہ ہے۔‘
حسام زملط نے اسرائیل پر الزام لگایا کہ وہ فلسطین میں ’نسل پرستی‘ کی نگرانی کر رہا ہے۔
انہوں نے اسرائیل کے ان دعوؤں کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا کہ اس کی جوابی کارروائی فلسطینی شہریوں کو حماس سے تحفظ فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’فضول‘ اور ’اسرائیلی جھوٹ‘ ہے۔
ایکس (ٹوئٹر) پر ایک پوسٹ میں حسام زملط نے برطانوی وزیر خارجہ جیمز کلیورلی کی طرف سے حماس کی مذمت پر تنقید کی، جنہوں نے کہا تھا کہ اپنے شہریوں پر حملوں کے پیش نظر ’برطانیہ دفاع کے اسرائیل کے حق کی ہمیشہ حمایت کرے گا۔‘
فلسطینی سفیر کا کہنا تھا کہ ’برطانوی حکومت اور دیگر بین الاقوامی ممالک کی اس طرح کی زبان صورتحال کو مزید خراب کرے گی۔ اب وقت آگیا ہے کہ عالمی برادری کئی دہائیوں کے منظم جرائم اور خلاف ورزیوں کے لیے اسرائیلی قبضے کو ذمہ دار ٹھہرائے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’دفاع کے حق کے بارے میں بیانات کو ’انتہائی جنونی اسرائیلی حکومت‘ فلسطینیوں کے خلاف مزید قتل عام کرنے کے لیے سبز جھنڈی سے تعبیر کرے گی۔‘

شیئر: