افغانستان میں زیرِحراست چار برطانوی شہریوں کی رہائی، ’ہمیں اب سکون ملا‘
منگل 10 اکتوبر 2023 14:39
رہا ہونے والے یوٹیوب سٹار مائلز روٹلیج دور دراز سفر کرنے کے لیے مشہور ہیں (فوٹو: ایکس، مائلز)
افغانستان میں ’قوانین کی خلاف وزری‘ کے الزام میں زیرحراست چار برطانوی شہریوں کو رہا کر دیا گیا ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق منگل کو برطانیہ کی حکومت نے اپنے شہریوں کے خاندانوں کی طرف سے معذرت کرتے ہوئے افغانستان کی حکومت کا شکریہ ادا کیا ہے۔
انسانی امداد کے کاموں میں سرگرم ایک غیرسرکاری تنظیم پریسیڈیم نیٹ ورک نے بتایا کہ رہا ہونے والے دو افراد کو تعلق ان کی تنظیم سے ہے۔ ان میں سے ایک فلاحی طبی کارکن کیون کورنول اور دوسرے یوٹیوب سٹار مائلز روٹلیج ہیں۔
پریسیڈیم نیٹ ورک نے اپنے ایکس (ٹوئٹر) اکاؤنٹ پر لکھا کہ ’وہ گھر واپس آ رہے ہیں۔ مشکل گھڑی میں مدد کرنے والے تمام افراد کا شکریہ۔ اب ہم سب کو سکون ملا۔‘
ان دونوں افراد کے بارے میں خیال ہے کہ انہیں جنوری سے طالبان حکام نے حراست میں رکھا ہوا تھا۔
اس کے علاوہ یہ خدشہ بھی ہے کہ اس وقت کم ازکم ایک درجن دہری شہریت کے حامل افراد افغان حکام کی حراست میں ہیں لیکن حکام نے ایسی کسی بات کی تصدیق نہیں کی۔
یوٹیوب سٹار مائلز روٹلیج وسطی انگلینڈ کے شہر برمنگھم میں رہتے ہیں اور دور دراز سفر کرنے کے لیے مشہور ہیں۔ وہ اپنے تجربات سوشل میڈیا پر پوسٹ کرتے ہیں۔
انہیں اگست 2021 میں طالبان کی جانب سے افغانستان کا کنٹرول سنبھالے جانے کے بعد واپس لایا گیا تھا لیکن بعد میں وہ دوبارہ افغانستان چلے گئے۔
اس سے قبل برطانیہ کے دفتر خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ ’ہم افغانستان کی موجودہ حکومت کی جانب سے ان چار برطانوی شہریوں کو رہا کرنے کا خیرمقدم کرتےہیں، جن پر افغانستان کے قوانین کی خلاف ورزی کا الزام تھا۔
’اگر ملکی قوانین کی کوئی خلاف ورزی ہوئی ہے تو ہم برطانوی شہریوں کے خاندانوں کی جانب سے افغان حکام سے معذرت خواہ ہیں۔‘