پبلک مقام پر صفائی قانون کی خلاف ورزی، ایک ہزار ریال تک جرمانہ
جمعرات 12 اکتوبر 2023 5:15
دیواروں پر لکھنا بھی خلاف ورزی ہے، اس پر سو ریال جرمانہ ہے۔( فوٹو: عکاظ)
سعودی وزارت بلدیات و دیہی و آباد کاری امور نے کہا ہے کہ ’پبلک مقامات پر صفائی قانون کی تین خلاف ورزیوں پر اتوار سے عمل درآمد شروع ہو گا۔‘
عکاظ اخبار کے مطابق وزارت بلدیات و دیہی و آباد کاری امور کا کہنا ہے’ کچرے کے کنٹینر اور اس کی مقررہ جگہ کو نقصان پہنچانا صفائی قانون کی خلاف ورزی ہے اس پر ایک ہزار ریال تک کا جرمانہ ہے‘۔
تلف شدہ کنٹینر کی قیمت بھی وصول کی جائے گی۔ ایک سے زیادہ مرتبہ خلاف ورزی پر جرمانہ دگنا ہوگا جبکہ نقصان کی اصلاح بھی کرائی جائے گی۔
وزارت بلدیات کا کہنا ہے ’کچرے کے کنٹینر کی جگہ تبدیل کرنا یا اسے دیگر مقاصد کے لیے استعمال کرنا بھی خلاف ورزی ہے اس پر500 ریال جرمانہ ہے‘۔
’تلف کیے جانے والے کنٹینر کے نقصان کا معاوضہ بھی وصول کیا جائے گا۔ خلاف ورزی دہرانے پر جرمانہ دگنا ہوگا‘۔
وزارت کا کہنا ہے’ دیواروں پر لکھنا بھی خلاف ورزی ہے۔ اس پر سو ریال جرمانہ ہے۔ ایک سے زیادہ بار خلاف ورزی پر جرمانہ دگنا ہوگا اور دیوار کی صفائی بھی کرائی جائے گی‘۔