Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جو بائیڈن کا اماراتی صدر سے رابطہ، حماس کے حملوں کی مذمت

بیان کے مطابق ’دونوں رہنماؤں نے انسانی امداد کی فراہمی کو یقینی بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔‘ (فوٹو: روئٹرز)
امریکی صدر جو بائیڈن نے متحدہ عرب امارات کے صدر محمد بن زاید کے ساتھ ٹیلیفونک گفتگو میں حماس کے اسرائیل پر حملوں کی مذمت کی۔
برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی صدر نے بدھ کو اپنے اماراتی ہم منصب کے ساتھ ٹیلیفونک رابطہ کیا۔
گفتگو میں صدر جو بائیڈن نے عسکریت پسند گروپ حماس کے اسرائیل پر حملوں کی مذمت کی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ’دونوں رہنماؤں نے ضرورت مندوں تک انسانی امداد کی فراہمی کو یقینی بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔‘
گذشتہ سنیچر کو حماس کی جانب سے اچانک کیے گئے تباہ کن حملوں کے نتیجے میں اب تک کم سے کم 1200 افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق ہو چکی ہے۔
اسرائیل اور فلسطین تنازع کے 75 برسوں کے دوران حماس کی جانب سے کیے گئے ان حملوں کو بدترین قرار دیا جا رہا ہے۔
اسرائیل کی جانب سے جوابی فضائی حملوں اور شیلنگ سے غزہ کے گنجان آباد علاقے میں ایک ہزار 55 افراد مارے جا چکے ہیں۔
اسرائیلی فوج نے تصدیق کی ہے کہ فلسطین کے عسکریت پسند گروپ ’حماس‘ کی جانب سے سنیچر کو کیے گئے اچانک حملے میں اس کے 169 فوجی ہلاک ہو گئے ہیں۔

شیئر: