Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آن لائن شاپنگ ایپس اور ٹرین کے ڈبے: پاکستان میں منشیات فروشوں کے جدید حربے

اینٹی نارکوٹکس فورس کے مطابق منشیاف فروشوں کے اس گروہ کے اراکین کو اسلام آباد، لاہور اور کراچی سے بیک وقت حراست میں لیا گیا ہے۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
پاکستان میں منشیات کے خلاف سرگرم ادارے اے این ایف نے حال ہی میں بڑے پیمانے پر منشیات کی ترسیل کے نظام کو پکڑنے کا دعوی کیا ہے۔
یہ منشیات جدید طریقوں سے ملک کے طول عرض میں سپلائی کی جا رہی تھی۔
اے این ایف کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ملک کے مختلف شہروں سے 11 ایسے افراد کو حراست میں لیا گیا ہے جو آن لائن شاپنگ ایپلیکشن کو استعمال کر رہے تھے اور کورئیر کمپنیوں اور آن لائن سٹور کی ڈیلوری سروس کو استعمال کر کے منشیات کی ترسیل کر رہے تھے۔
اے این ایف کے بیان کے مطابق ایسے 33 پارسل قبضے میں لیے گئے جن میں سے 53 کلو سے زائد چرس، ڈیڑھ کلو آئس اور ایک کلو افیون برآمد ہوئی۔
انسداد منشیات ادارے کے ایک اعلی افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر اردو نیوز کو بتایا کہ ’یہ ایک منظم گروہ ہے جو ملک کے طول عرض میں پھیلا ہوا تھا۔ انہوں نے ملک کی سب سے بڑی آن لائن شاپنگ کی ویب سائٹ پر اپنے جعلی کاروبار رجسٹرڈ کروا رکھے تھے۔ وہ کاروبار صرف ان کو پتا تھے جن کو منشیات درکار تھی۔ وہ ایک نارمل صارف کی طرح ویب سائٹ پر جا کر آرڈر کرتے اور مرچنٹ وہ آرڈر ڈیلیور کرتے تاہم وہ اصل آرڈر کپڑے یا جوتے نہیں ہوتے تھے ان کے اندر منشیات ہوتی تھی۔‘
انہوں نے مزید بتایا کہ ’اس آن لائن شاپنگ کمپنی نے گذشتہ کچھ عرصے سے کئی شہروں میں اپنی کورئیر سروس شروع کر رکھی ہے۔ اس سے پہلے یہ تھرڈ پارٹی کورئیر سروس کی خدمات حاصل کرتی تھی۔ جس سے شبہ ہے کہ کمپنی کے ملازمین بھی اس سہولت کاری میں استعمال ہوئے ہیں۔‘
’اس لیے اب تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے۔ اس بات کی چھان بین بھی کی جا رہی کہ یہ کتنے عرصے سے یہ کام کر رہے تھے۔ ‘
اینٹی نارکوٹکس فورس کے مطابق منشیاف فروشوں کے اس گروہ کے اراکین کو اسلام آباد، لاہور اور کراچی سے بیک وقت حراست میں لیا گیا ہے جبکہ اس گروہ کے باقی افراد کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ جبکہ دوسری طرف اے این ایف نے  راولپنڈی ریلوے اسٹیشن پر کاروائی کرتے ہوئے منشیات کے ایک دوسرے نیٹ ورک کے اراکین کو گرفتار کیا ہے جو ریل گاڑیوں کو منشیات کی ترسیل کے لیے استعمال کر رہے تھے۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق راولپنڈی کے ریلوے سٹیشن سے  ٹرین کے عملے کے متعدد افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے کیونکہ منشیات ٹرین کے انجن روم میں چھپائی گئی تھی۔
انہوں نے بتایا کہ یہ سپلائی پشاور سے کراچی جا رہی تھی۔ ’دورانِ کاروائی ٹرین کا ڈرائیور اسسٹنٹ  ڈرائیورسمیت چار افراد کو موقع پرگرفتار کیا گیا ہے۔‘

شیئر: