ریاض میں مسک آرٹ ایگزیبیشن، متاثرکن 55 تاریخی فن پاروں کی نمائش
ریاض میں مسک آرٹ ایگزیبیشن، متاثرکن 55 تاریخی فن پاروں کی نمائش
بدھ 18 اکتوبر 2023 17:36
20 فنکاروں کی مختلف نوعیت کی نمائش کو 'زمین کی بازگشت' کا عنوان دیا گیا۔ فوٹو عرب نیوز
مسک آرٹ انسٹی ٹیوٹ کی جانب سے ریاض کے پرنس فیصل بن فہد آرٹس ہال میں نمائش کا اہتمام کیا گیا ہے جو سعودی تاریخ اور ورثے کی عکاسی کرتی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق تاریخی نمائش کو 'زمین کی بازگشت' کا عنوان دیا گیا ہے جس میں 20 فنکاروں کی مختلف نوعیت کی 55 پینٹنگز رکھی گئی ہیں۔
مسک نمائش میں رکھی پینٹنگز میں قدرتی مناظر کے فن پارے نمایاں ہیں۔ فوٹو عرب نیوز
مسک انسٹی ٹیوٹ کی ٹیم کے ذریعہ تیارکردہ پینٹنگز میں 20ویں صدی کے دوسرے نصف کے کاموں کی نمائش کی گئی ہے جس میں سعودی فنکاروں نے مقامی آرٹ کی شناخت کو تشکیل دینے میں اپنا کردار ادا کیا ہے۔
نمائش میں مقامی آرٹسٹ یوسف جاہا کی 'الھدا سمر' کے عنوان سے رکھی گئی پینٹنگ 1974 کی ہے جو ان کے بچپن کی یادوں کی ذاتی کہانی بیان کرتی ہے جس میں وہ اپنے دوستوں کے ساتھ طائف میں موجود ہیں۔
اپنے کام کے بارے میں بات کرتے ہوئے یوسف جاہا نے کہا کہ تصویر میں الھدا کا خوبصورت منظر دکھایا گیا ہے، اس علاقے میں گرمیوں کے موسم میں بھی ٹھنڈک کا احساس ہوتا ہے اور میں دوستوں کے ہمراہ یہاں جا کر کیمپ لگانا پسند کرتا ہوں۔
نمائش کے فن پاروں میں کندہ کاری کی تکنیک دکھائی گئی ہے۔ فوٹو عرب نیوز
یوسف جاہا کی پینٹنگ میں خاص ابرآلود آسمان ہے اور گرد و نواح میں گیلی زمین کے علاوہ یہاں موجود پہاڑوں پر بنے روایتی گھروں کو پینٹ کیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ الہدا کے علاقے میں ہم نے موسم گرما میں دو دن کے لیے خیمہ لگایا، فٹبال کھیلی ، بارش، ٹھنڈی ہوا اور سردی کا منظر آج بھی میرے سامنے ہے۔
یوسف جاہا کے مزید فن پاروں میں شاندار پورٹریٹ اور مکہ کے قریبی علاقے کی لینڈ اسکیپ پینٹنگز شامل ہیں۔
فن پاروں کو روسی فنکاروں کی زبردست پذیرائی حاصل ہوئی۔ فوٹو عرب نیوز
سعودی آرٹسٹ عبدالستار الموسیٰ کے تین فن پارے بھی نمائش میں رکھے گئے ہیں جن میں کندہ کاری کی خاص تکنیک دکھائی گئی ہے۔
عبدالستار الموسیٰ نے بتایا کہ میں نے آرٹ کے خاص مضمون گرافکس میں مہارت حاصل کی ہے اور اسی فن کو اپنے فن پاروں میں اجاگر کیا ہے۔
عبدالستار الموسیٰ ماسکو کی اکیڈمی آف فائن آرٹس کے سٹوڈنٹ رہے ہیں جہاں سے انہوں نے گرافکس اور کمپوزیشن میں بیچلر اور ماسٹرز کی ڈگریاں حاصل کی ہیں۔
الھدا کا خوبصورت منظر گرمیوں میں بھی ٹھنڈک کا احساس دلاتا ہے۔ فوٹو عرب نیوز
انہوں نے بتایا کہ میرے تیار کئے گئے فن پاروں کو روسی فنکاروں کی طرف سے زبردست پذیرائی حاصل ہوئی ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ میں اس فن کو اپنے جذبات کے اظہار کے ذریعہ کے طور پر دیکھتا ہوں اور سمجھتا ہوں کہ فنکار حالات کے مطابق ہر قسم کےموضوعات پر توجہ دیتا ہے۔
مسک نمائش میں رکھی دیگر پینٹنگز میں قدرتی مناظر اور شہری ماحول سے لے کر روایتی فن تعمیر اور سعودی ورثے اور ثقافت کی بابت مختلف قسم کے فن پارے نمایاں ہیں۔
سعودی عرب کی مزید خبروں کے لیے واٹس ایپ گروپ جوائن کریں