Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مہسا امینی کی ہلاکت: مظاہروں کی کوریج کرنے والی خواتین کو سزا

مہسا امینی کی ہلاکت کے بعد ایران بھر میں مظاہرے شروع ہو گئے تھے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
ایران کے سرکاری میڈیا نے کہا ہے کہ ایک انقلابی عدالت نے دو خواتین صحافیوں کو گذشتہ برس کرد نژاد ایرانی شہری مہسا امینی کی دوران حراست ہلاکت کی کوریج کرنے پر طویل قید کی سزا سنائی ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق گذشتہ برس ستمبر میں 22 سالہ مہسا امینی کو ایران کی اخلاقی پولیس نے اسلامی لباس کے قوائد کی مبینہ خلاف ورزی پر گرفتار کیا تھا اور دوران حراست ان کی ہلاکت کی وجہ سے ملک بھر میں مظاہرے شروع ہو گئے تھے۔ یہ مظاہرے ایران کے مذہبی رہنماؤں کے لیے کئی دہائیوں کا سب سے بڑا چیلنج بن گئے تھے۔
ایران کی سرکاری نیوز ایجنسی اِیرنا کے مطابق نیلوفر حمیدی اور الهه محمدی کو امریکی حکومت کی سہولت کاری کرنے، قومی سلامتی کے خلاف کام کرنے سمیت دیگر الزامات پر بالترتیب 13 اور 12 برس قید کی سزا سنائی گئی۔
دونوں خاتون صحافیوں کے وکلا نے ان الزامات کو مسترد کیا ہے۔
اِیرنا کے مطابق ’دونوں صحافیوں کو دشمن امریکی حکومت کی سہولت کاری کرنے پر بالترتیب سات اور چھ برس قید کی سزا سنائی گئی۔ قومی سلامتی کے خلاف کام کرنے پر دونوں کو پانچ پانچ برس کی سزا سنائی گئی جبکہ (سرکاری) نظام کے خلاف پروپیگنڈا کرنے پر ایک ایک برس کی سزا ملی۔‘
نیلوفر حمیدی کو مہسا امینی کے والدین کی تہران کے ایک ہسپتال میں، جہاں ان کی بیٹی کوما میں تھی، گلے ملنے کی تصویر کھینچنے کے بعد گرفتار کیا گیا تھا جبکہ الهه محمدی کو مہسا امینی کے آبائی قصبے سقز میں ان کی تدفین کی کوریج کرنے کے بعد گرفتار کیا گیا۔ سقز سے ہی مظاہروں کا آغاز ہوا تھا۔

نیلوفر حمیدی (بائیں) اور الهه محمدی کو امریکی حکومت کی سہولت کاری کرنے سمیت دیگر الزامات پر بالترتیب 13 اور 12 برس قید کی سزا سنائی گئی۔ (فوٹو: الامی لائیو نیوز)

ایران کی سرکاری نیوز ایجنسی نے کہا ہے کہ ’عدالتی فیصلوں‘ کے خلاف اپیل کی جا سکتی ہے۔
عدلیہ کی میزان نیوز ایجنسی کے مطابق اگر تصدیق ہو جاتی ہے، تو خواتین نے پہلے ہی ایون جیل میں جو وقت گزارا ہے، جہاں زیادہ تر سیاسی قیدی رکھے گئے ہیں، تو ان کی سزا میں سے کٹوتی کر دی جائے گی۔
ایران کی وزارت انٹیلیجنس نے گذشتہ برس اکتوبر میں ایک بیان میں نیلوفر حمیدی اور الهه محمدی پر سی آئی اے کی ایجنٹس ہونے کا الزام عائد کیا تھا۔

شیئر: