Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سمندری طوفان ’تیج‘: سعودی عرب منگل سے جمعرات تک گرد آلود ہواوں کی زد میں

صحرا ربع الخالی میں گرد آلود ہواوں کی شدت زیادہ ہو گی ( فوٹو: عکاظ)
سعودی عرب میں موسمیات کے قومی مرکز نے کہا ہے کہ ’بحیرہ عرب میں ’تیج‘ سمندری طوفان کی شدت بڑھے گی‘۔
عکاظ اخبار کے مطابق قومی مرکز کا کہنا ہے’ اتوار کو تیج طوفان تیسرے درجے کا رہا۔ ہوا کی رفتار178سے 251 کلو میٹر فی گھنٹہ شام پانچ بجے تک رہی۔ جزیرہ سقطری، سلطنت عمان اور یمن کے ساحلوں کے قریب یہ ریکارڈ کی گئی‘۔
قومی مرکز نے بیان میں کہا’ پیر سے بدھ تک سلطنت عمان اور جمہوریہ یمن تیج سمندری طوفان کی زد میں ہوں گے۔ دونوں ممالک میں سمندری طوفان کی رفتار 178 سے  208 کلو میٹر فی گھنٹہ تک ہوگی۔ یہ صورتحال صبح ساڑھے پانچ بجے تک رہے گی اس کے بعد طوفان کی شدت درجہ دوم ہوجائے گی‘۔
قومی مرکز کا کہنا ہے’ منگل کو سمندری طوفان تیج کی شدت بڑھے گی۔ ہوا کی رفتار 119 سے 153 کلو میٹر فی گھنٹہ تک ہوگی۔
 سمندری طوفان تیج  بدھ کو صبح ساڑھے پانچ بجے مدار والے طوفان کی شکل اختیار کرلے گا اور ہوا کی رفتار 62 تا 118 کلو میٹر فی گھنٹہ تک ہوگی۔ اس کے بعد  ہوا کی رفتار پچاس تا 61 کلو میٹر فی گھنٹہ تک آجائے گی۔
بحیرہ احمر میں آنے والے سمندری طوفان تیج کا سعودی عرب پر براہ راست کوئی اثر نہیں پڑے گا تاہم بارش کی  شکل میں بالواسطہ اثرات ہوں گے۔
 منگل سے جمعرات 26 اکتوبر تک گرد آلود تیز ہوائیں چلیں گی۔ صحرا ربع الخالی میں گرد آلود ہوائیں شدید ہوں گی۔
علاوہ ازیں نجران ریجن کی الخرخیر اور شرورہ کمشنریوں میں بھی گرد آلود تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔

شیئر: